Jan ۲۷, ۲۰۲۳ ۱۶:۵۶ Asia/Tehran
  • آئی ایم ایف سے معاہدہ جلد: شہبازشریف

پاکستان کے وزیراعظم نے کہا ہے کہ ان کا ملک جلد ہی معاشی مشکلات سے باہر نکل آئے گا۔

سحرنیوز/پاکستان: اسلام آباد میں ایک ترقیاتی منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ رواں ماہ کے دوران آئی ایم ایف کے ساتھ قرضے کے حصول کا حتمی معاہدہ طے پا جائے گا۔ 
انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ ہوجانے کے بعد پاکستان مشکلات سے باہر نکل آئے گا۔
انہوں نے سابق وزیراعظم عمران خان کی قیادت والی حکومت کو موجودہ اقتصادی اور معاشی مشکلات کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے انتہائی مشکل حالات میں اقتدار سنبھالا اور اتحادی حکومت دن رات محنت کررہی ہے۔
یاد رہے کہ آئی ایم ایف کا وفد نویں جائزہ کے تحت مذاکرات کے لیے اکتیس جنوری سے نو فروری تک پاکستان کا دورہ کرے گا۔
واضح رہے کہ آئی ایم ایف کی شرائط کے تحت پاکستان نے گزشتہ دنوں فارن کرنسی فکس قیمت ہٹالی تھی جس کے بعد اس ملک میں امریکی ڈالر کی قمیت تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔
اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق بیرونی قرضوں کی ادائیگی کے بعد پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر کم ہو کر مجموعی طور پر نو ارب پینتالیس کروڑ ڈالر ہوگئے ہیں۔ 

ٹیگس