Jan ۳۱, ۲۰۲۳ ۰۸:۲۱ Asia/Tehran
  • فوٹو: دی گارڈین
    فوٹو: دی گارڈین

پاکستان کے شہر پشاور میں گزشتہ روز ایک مسجد میں ہوئے دہشتگردانہ حملے میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد تیراسی ہو گئی ہے۔

سحر نیوز/پاکستان: پاکستانی میڈیا کے مطابق پشاور میں پولیس لائنز مسجد کے ملبے سے مزید نو افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں جس کے بعد جاں بحق ہونے والوں کی تعداد تیراسی تک پہنچ گئی جبکہ ایک سو ستاون افراد زخمی ہوئے جن میں بعض کی حالت نازک بتائی جاتی ہے جس سے اموات میں اضافہ کا خدشہ پایا جاتا ہے۔

جاں بحق ہونے والوں میں ڈی ایس پی عرب نواز اور مسجد کے پیش امام کے علاوہ پانچ سب انسپکٹر اور ملحقہ پولیس کوارٹر کی رہائشی خاتون بھی شامل ہیں۔

ریسکیو اہلکاروں کے مطابق مسجد کے ملبے تلے سے اب بھی متعدد افراد کے دبے ہونے کا خدشہ ہے، اور بھاری مشینری سے ریسکیو آپریشن جاری ہے، معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے پاکستانی فوج کے ریسکیو دستے بھی امدادی اور بچاؤ کارروائیوں میں شامل ہو گئے ہیں۔

پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے بھی معاملے کی حساسیت کو دیکھتے ہوئے پشاور کا دورہ کر کے لازمی احکامات جاری کئے ہیں۔

پشاور کے سی سی پی او محمد اعجاز خان کے مطابق دھماکہ بظاہر خودکش حملہ آور نے کیا تاہم ان کا کہنا ہے کہ دھماکے کی نوعیت کے سلسلے میں ریسکیو آپریشن کے بعد ہی یقین سے کوئی بات کہی جا سکتی ہے۔

دھماکہ پشاور کے ریڈ زون میں ہوا جہاں گورنر ہاؤس سمیت اہم سرکاری عمارتیں اور دفاتر موجود ہیں۔کالعدم دہشتگرد تنظیم تحریک طالبان پاکستان ٹی ٹی پی نے دھماکے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔

ٹیگس