پشاور دہشتگردانہ دھماکہ؛ اموات کی تعداد 100 ہو گئی، صوبے میں ایک روزہ سوگ کا اعلان
پشاور میں خودکش دھماکے پر نگراں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد اعظم خان نے صوبے میں ایک روزہ سوگ کا اعلان کیا۔
سحر نیوز/پاکستان: تازہ ترین اطلاعات کے مطابق پولیس لائنز کی مسجد کے اندر مبینہ خود کش دھماکے سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 93 تک پہنچ گئی ہے۔ گزشتہ روز واقعے کے بعد سے اب تک جاں بحق ہونے والوں کی تعداد میں وقفے وقفے سے اضافہ ہوتا رہا ہے اور بعض زخمیوں کی تشویشناک صورتحال کے باعث اموات میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
خیبر پختونخوا کی حکومت نے المناک واقعے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے صوبے میں ایک روز کے عام سوگ کا اعلان کیا ہے۔ خیبرپختونخوا میں کل قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔
تازہ ترین اطلاعات کے مطابق خود کش دھماکے سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 100 ہو گئی جبکہ 221 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
کے پی کے نگراں وزیر اعظم خان کا کہنا ہے کہ حکومت جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت متأثرہ خاندانوں کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔
واضح رہے کہ پولیس لائنز میں واقع مسجد میں خودکش دھماکہ پشاور کے ریڈ زون میں ہوا جہاں گورنر ہاؤس سمیت اہم سرکاری عمارتیں اور دفاتر موجود ہیں ۔ کالعدم دہشتگرد تنظیم تحریک طالبان پاکستان ٹی ٹی پی نے دھماکے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔