ظلم کے آگے سر نہ جھکانے کا درس میں نے حضرت امام حسین ع سے لیا: عمران خان
عمران خان نے جیل بھرو تحریک شروع کرنے کا اعلان کردیا
سحر نیوز/ پاکستان: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے کارکنوں سے بذریعہ ویڈیو لنک خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہمیں جیل سے ڈرا رہے ہیں ہم جیلیں بھر دیں گے، ان کے پاس جگہ نہیں بچے گی، جیل بھرو تحریک کا آغاز بدھ کے روز لاہور سے کیا جائے گا، جس کے بعد اس کا دائرہ پورے ملک میں بڑھایا جائے گا۔
عمران خان نے کہا کہ ہم انتظار کر رہے ہیں کہ الیکشن کا شیڈول کب آئے گا، 90 دن کے بعد ایک دن بھی نگراں حکومت غیر آئینی ہوگی، اس سے زیادہ خطرناک بات نہیں ہو سکتی کہ عدلیہ آئین پر عمل نہ کرواسکے۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ خطرناک بات ہے کہ چیف الیکشن کمشنر الیکشن کی تاریخ نہیں دے رہا، 90 دن سے زیادہ الیکشن آگے جاتے ہیں تو اس سے بڑی آئین کی خلاف ورزی نہیں ہو سکتی۔
عمران خان نے کہا کہ ظالم کے آگے سر نہ جھکانے کا درس ہمیں حضرت امام حسین ع نےدیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خوف کے بت کو پاش پاش کرنے کا درس ہم نےحضرت امام حسین ع سے لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسین علیہ السلام نے یزید کے خلاف قیام کیا اور کوفہ کے لوگوں کو معلوم تھا کہ حضرت امام حسین علیہ السلام حق پر ہیں لیکن یزید کے ظلم و ستم اور خوف کی وجہ سے انہوں نے حضرت امام حسین علیہ السلام کا ساتھ نہیں دیا جس کی وجہ سے آخر تک وہ پچھتائے اور ظلم و ستم کی چکی میں پستے رہے۔
عمران خان نے کہا کہ مسلمانوں کی تاریخ کا سب سے بڑا سانحہ کربلا میں رونما ہوا اور اگر کوفہ کے لوگ اس وقت حضرت امام حسین علیہ السلام کا ساتھ دیتے اور حق والوں کی صفوں میں شامل ہو جاتے تو حضرت امام حسین علیہ السلام اور ان کے اصحاب، شہید نہ کئے جاتے اور یہ سانحہ رونما نہ ہوتا۔
عمران خان نے کہا کہ ہمیں بھی حضرت امام حسین علیہ السلام کی طرح ظلم و خوف کے بت کو پاش پاش کرنا ہے اور اگر ہم نے یہ کام کیا تو پھر ہم امریکہ کی غلامی سے آزاد ہو جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ حقیقی آزادی کی اس تحریک میں آپ سب کو شامل ہونا ہے۔
چند ماہ قبل قبل عمران خان نے شیخوپورہ میں ایک بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ حضرت امام علی (ع) نے فرمایا تھا کہ حکومت کفر سے تو قائم رہ سکتی ہے ظلم سے نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہم ظلم اور امریکی مداخلت کے خلاف جدوجہد کر رہے ہیں اور ہم امریکی غلاموں کے خلاف ہیں۔