Feb ۲۸, ۲۰۲۳ ۱۵:۱۰ Asia/Tehran
  • عمران خان کی توشہ خانہ کیس میں سیشن کورٹ سے  ضمانت منسوخ، ہائیکورٹ سے منظور

پاکستان کی مقامی عدالتوں نے ملک کے سابق وزیراعظم اور حزب اختلاف کے رہنما عمران خان کی دو مقدمات میں ضمانت منظور کرلی ہے جبکہ ایک میں ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے ہیں۔ تاہم بعد میں ہائیکورٹ نے 9 مارچ تک ضمانت دیدی ۔

سحر نیوز/ پاکستان: میڈیا رپورٹوں کے مطابق اسلام آباد کی مقامی عدالت نے مشہور توشہ خانہ کیس میں عمران خان کے پیش نہ ہونے پر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔
واضح رہے کہ عمران خان اپنے خلاف مقدمات کا سامنا کرنے کے لیے دو مختلف عدالتوں میں پیش ہوئے مگر توشہ خانہ کیس سننے والی عدالت میں نہ جاسکے۔ 
اس دوران عمران خان نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا اور ضمانت قبل از گرفتار کی درخواست دائر کی جس پر عدالت نے انھیں 9 مارچ تک ریلیف دیدی۔
اس سے پہلے اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف احتجاج کےکیس میں اوربینکنگ کورٹ نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں عمران خان کی ضمانتیں منظور کرلی تھیں۔ 
متعدد بار طلبی اور بار بار استثنی مانگنے کے بعد عدالت کے حکم پر عمران خان آج بعض عدالتوں میں پیش ہوئے۔ 
میڈیا رپوٹوں میں بتایا گیا ہے کہ اس موقع پر شدید بدنظمی دیکھنے میں آئی، پی ٹی آئی کارکنان نے جوڈیشل کمپلیکس کا دروازہ توڑ دیا اور بڑی تعداد میں جوڈیشل کمپلیکس میں داخل ہوگئے۔ 
سیکورٹی اہلکار کارکنوں کو روکنے میں ناکام ہوگئے جس کے باعث عمران خان کو کمرہ عدالت کے اندر لے جانے میں دشواری کا سامنا رہا۔
واضح رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کو اپنے خلاف مختلف مقدمات کا سامنا ہے جنہیں وہ حکومت کی انتقامی کارروائی قرار دیتے ہیں تاہم وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت والی مخلوط حکومت اس کی تردید کرتی ہے۔ 

ٹیگس