Mar ۰۳, ۲۰۲۳ ۱۶:۲۵ Asia/Tehran
  • پنجاب اسمبلی کے انتخابات 30 اپریل کو

صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے 30 اپریل کو پنجاب اسمبلی کے انتخابات کروانے کی منظوری دے دی۔

سحر نیوز/ پاکستان: صدر پاکستان نے تاریخ کا اعلان الیکشن کمیشن کی جانب سے تجویز کردہ تاریخوں پر غور کرنے کے بعد کیا۔ الیکشن کمیشن کی تجویز کے مطابق صدر نے پولنگ ڈے کے لیے اتوار کے دن کی منظوری دی ہے۔

الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں صدر مملکت کو خط ارسال کیا تھا جس میں صوبہ پنجاب کے انتخابات  کے انعقاد کے لیے 30اپریل سے 7مئی 2023 تک کی تاریخیں تجویز کی گئی تھی۔

ڈاکٹر عارف علوی کی جانب سے الیکشن کمیشن کو جوابی خط بھی موصول ہوگیا ہے، الیکشن کمیشن نے پولنگ ڈے کے اعلان کے بعد انتخابی شیڈول پر کام کا آغاز کر دیا ہے۔

الیکشن کمیشن کا انتخابی شیڈول 54 دنوں پر محیط ہوگا اور پنجاب اسمبلی انتخابات کے لیے انتخابی شیڈول جلد جاری کیا جائے گا۔

قبل ازیں، چیف الیکشن کمشنر سلندر سلطان راجہ کی زیر صدارت اہم مشاورتی اجلاس ہوا جس میں ممبران کمیشن و سیکریٹری الیکشن کمیشن شریک ہوئے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق صدر پاکستان کی طرف سے تاریخ کے انتخاب کے بعد آئینی اور قانونی فرائض انجام دینے کے لیے تیار ہیں۔

اسکے علاوہ، الیکشن کمیشن نے گورنر خیبر پختونخوا کو بھی مراسلہ ارسال کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں الیکشن کمیشن آپ کے جواب کا منتظر ہے۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب گزشتہ روز پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلیوں کے انتخابات میں تاخیر سے متعلق از خود نوٹس کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد مسلسل دوسرے روز ہونے والے مشاورتی اجلاس میں الیکشن کمیشن پاکستان نے پنجاب میں عیدالفطر کے تقریباً ایک ہفتے بعد انتخابات کرانے کی تجویز دینے کا فیصلہ کیا تھا۔

ٹیگس