عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے خاتون جج کو دھمکی کیس میں عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔
سحر نیوز/ پاکستان: پاکستان کے سابق وزیر اعظم اور تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان کے خلاف خاتون جج زیبا چوہدری کو دھمکی دینے کے کیس کی سماعت ہوئی۔ سول جج رانا مجاہد رحیم کی عدالت میں عمران خان کے وکیل نعیم پنجوتھہ پیش ہوئے۔
سول جج رانا مجاہد رحیم نے عدم حاضری پر وارنٹ جاری کیے، جج دھمکی کیس میں عمران خان مستقل عدالت پیش نہیں ہو رہے۔
عدالت نے عمران خان کی آج کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کرتے ہوئے مارگلہ پولیس کو 29 مارچ کو عمران خان کی حاضری یقینی بنانے کا حکم دے دیا۔
سیکیورٹی خدشات کی بنیاد پر عمران خان کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی تھی۔
عمران خان کے وکیل نے دلائل میں کہا کہ عمران خان پر تین نومبر کو وزیر آباد میں قاتلانہ حملہ ہوا اور ابھی تک عمران خان مکمل صحت یاب نہیں ہوئے، وزیرآباد قاتلانہ حملے کے ملزمان ابھی تک گرفتار نہیں ہوئے۔