از خود نوٹس کیس کا فیصلہ سپریم کورٹ کے تین سینئر ترین ججز کریں گے :وفاقی کابینہ
وفاقی کابینہ نے عدالتی اصلاحات کیلیے قانون سازی کی منظوری دے دی۔
سحر نیوز/ پاکستان: پاکستان کی وفاقی کابینہ نے عدالتی قانون میں اصلاحات کے لیے قانون سازی کیلیے بل کے مسودے کی منظوری دے دی، جسے قومی اسمبلی میں کچھ دیر بعد پیش کیا جائے گا۔
بل میں تجویز کیا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کے تین سینئر ترین جج از خود نوٹس کا فیصلہ کریں گے، از خود نوٹس کے فیصلے پر 30 دن کے اندر اپیل دائر کرنے کا حق حاصل ہوگا اور اپیل دائر ہونے کے چودہ روز کے اندر درخواست کو سماعت کیلئے مقرر کرنا ہوگا۔
دوسری جانب قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی قانون و انصاف نے بروز بدھ 29 مارچ کو اراکین کا اجلاس طلب کرلیا، جس میں عدالتی اصلاحات ترمیمی بل کی منظوری دی جائے گی، اجلاس کی صدارت چیئرمین کمیٹی محمود بشیر ورک کریں گے۔
قبل ازیں حکومت نے چیف جسٹس کے 184/3 کے تحت ازخود نوٹس کے اختیار پر قانون سازی اورسوموٹو ایکشن کے اختیار کو ریگولیٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ کابینہ سے منظوری کے بعد اسے پارلیمنٹ میں پیش کیا جائے گا، حکومت نے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس دس اپریل کو طلب رکھا ہے وہاں یہ بل منظوری کیلیے پیش کیا جائے گا۔