Mar ۳۰, ۲۰۲۳ ۱۳:۳۲ Asia/Tehran
  • سینیٹ نے سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر بل منظور کر لیا۔

سینیٹ میں سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر بل قائمہ کمیٹی کے سپرد کرنےکی اپوزیشن کی تحریک مستردکردی گئی اور بل فوری طور پر منظور کرنے کی تحریک منظور کی گئی۔

سحر نیوز/ پاکستان: پاکستانی میڈیا کے مطابق وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے قومی اسمبلی سے منظور ہونے والا عدالتی اصلاحات بل سینیٹ میں پیش کیا جہاں کثرت رائے سے منظور کرلیا گیا جبکہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سمیت اپوزیشن نے اس کے خلاف احتجاج کیا گیا۔

اس دوران سینیٹ سکیورٹی نے حکومتی اور اپوزیشن بنچز کے درمیان حصار بنالیا جس کے بعد سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر منظوری کے لیے پیش کیا گیا۔ بل کو کثرت رائے سے منظور کرلیا گیا، بل کے حق میں 60 اور مخالفت میں 19 ووٹ آئے۔

سینیٹ نے سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر بل قائمہ کمیٹی کے سپرد کرنے کی اپوزیشن کی تحریک مسترد کردی۔

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر بل ایوان میں پیش کرنے کی تحریک جمع کرائی۔

سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے تمام ججز برابر ہیں، ادارے کو مضبوط کرنے کے لیے شخصیت کو مضبوط کرنے کے بجائے نظام کو مضبوط کیا جائے، قومی اسمبلی نے گزشتہ روز سپریم کورٹ بل 2023 پاس کیا، پارلیمان کا اختیار ہے کہ وہ قانون سازی کرسکتی ہے، دو دہائیوں سے سپریم کورٹ میں نیا رجحان دیکھا، آئین کہتا ہے کہ حدود میں غیر ضروری مداخلت نہ کریں۔

اس دوران پی ٹی آئی کے سینیٹر علی ظفر اور قائد حزب اختلاف شہزاد وسیم نے بل پر بات کرنے کی کوشش کی جس پر چیئرمین سینیٹ نے انہیں بات کرنے سے روک دیا۔

ٹیگس