بشری بی بی نے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا
عمران خان کی اہلیہ بشری بی بی نے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا۔
سحر نیوز/ پاکستان: پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کی اہلیہ اور سابق خاتون اول بشری بی بی نے توشہ خانہ معاملے کی تحقیقات کے لئے نیب طلبی کے نوٹس، عدالت میں چیلنج کردئے۔ پاکستان کی سابق خاتون اول بشری بی بی نے عدالت سے سولہ اور سترہ فروری کے نوٹس کو غیر قانونی قرار دینے کی استدعا کی ہے۔ انہوں نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ درخواست پر فیصلہ آنے تک نیب انکوائری کو تفتیش میں تبدیل کردیا جائے۔ انھوں نے عدالت سے درخواست کی ہے کہ فیصلہ آنے تک نیب کو میرے خلاف تادیبی کارروائی سے روکنے کا حکم دیا جائے۔
عمران خان کی اہلیہ کی درخواست میں نیب کو بھی فریق بنایا گیا ہے۔
واضح رہے کہ عمران خان نے بھی توشہ خانہ کیس میں نیب میں طلبی کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کر رکھا ہے۔ انہوں نے بھی عدالت سے اسی طرح کی درخواست کی ہے کہ فیصلہ آنے تک نیب کو تادیبی کارروائی سے روکا جائے۔
عمران خان نے توشہ خانہ کیس کو اپنے خلاف انتقامی کارروائی قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ حکومت ان جیسے متعدد مقدمات میں مجھے پھنسانا چاہتی ہے۔ جبکہ حکومت نے عمران خان پر توشہ خانہ میں اختیارات کا ناجائزاستعمال کا الزام عائد کیا ہے۔