Apr ۱۳, ۲۰۲۳ ۱۸:۲۰ Asia/Tehran
  • انتخابی اخراجات کی فراہمی کا بل کثرت رائے سے مسترد

پاکستان کی قومی اسمبلی نے صوبہ پنجاب اور خیبر پختونخوا میں انتخابی اخراجات کی فراہمی کا بل کثرت رائے سے مسترد کردیا ہے۔

سحر نیوز/ پاکستان: ہمارے نمائندے کے مطابق صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات کے لیے اکیس ارب روپے کی فراہمی کا بل وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے قومی اسمبلی میں پیش کیا جسے ارکان نے کثرت رائے سے مسترد کردیا۔
قابل ذکر ہے کہ پاکستان کی سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے وفاقی حکومت کو یہ حکم دیا تھا کہ دونوں صوبوں میں انتخابی اخراجات کی مد میں الیکشن کمیشن کو اکیس ارب روپے ادا کیے جائیں۔
پاکستان کی سپریم کورٹ نے یہ حکم حزب اختلاف کی جماعت تحریک انصاف کی دائر کردہ درخواست کی سماعت کے بعد دیا جو مذکورہ دو صوبوں میں انتخابات کے انعقاد کا مطالبہ کر رہی ہے۔
واضح رہے کہ مذکورہ دونوں صوبوں میں تحریک انصاف کی حکومت قائم تھی اور اس نے وفاقی حکومت پر عام انتخابات کرانے کیلئے دباؤ بڑھانے کی غرض سے ان صوبوں میں اسمبلیاں تحلیل کردی تھیں۔
سیاسی ماہرین کے مطابق الیکشن اخراجات کی ادائیگی کا بل مسترد ہوجانے کے بعد پنجاب اور خیبر پختون خوا میں اسمبلی انتخابات کے امکانات معدوم ہوگئے ہیں۔

ٹیگس