Apr ۱۵, ۲۰۲۳ ۱۰:۴۴ Asia/Tehran
  • کیا عمران خان امریکہ  کے مخالف ہیں؟

امریکی کانگریس کے رکن بریڈ شرمین کا کہنا ہے کہ عمران خان نے بتایا ہے کہ وہ امریکہ کا مخالف نہیں ہے۔

سحر نیوز/ پاکستان: امریکی نشریاتی ادارے کو انٹرویو میں امریکی رکن کانگریس بریڈ شرمین نے کہا کہ عمران خان نے مجھے فون کال کی اور کہا کہ وہ قانون کی حکمرانی پر یقین رکھتے ہیں اور امریکہ کے مخالف نہیں ہیں۔

رکن کانگریس کا مزید کہنا تھا کہ حال ہی میں پاکستان میں انسانی حقوق اور جمہوری آزادیوں سے متعلق امریکی وزیر خارجہ کو لکھے گئے خط کا یہ مطلب نہیں ہے کہ وہ عمران خان کی حمایت کرتے ہیں ۔ ٹوئٹر اور کچھ جگہوں پر لوگ کہہ رہے ہیں کہ امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کو میرا لکھا گیا خط عمران خان کی حمایت میں ہے لیکن یہ حقیقت نہیں ہے۔

بریڈ شرمین نے مزید کہا کہ عمران خان نے اپنی حکومت گرانے کا الزام امریکہ پر عائد کیا تھا۔ میں نے ان کے اس موقف پر تنقید کی تھی۔

انہوں نے دعوی کیا کہ عمران خان نے اپنے الزام کا کوئی ثبوت پیش نہیں کیا، یہ بھی بالکل واضح ہوگیا کہ کانگریس نے اس کے لیے کوئی رقم فراہم نہیں کی۔

واضح رہے کہ عمران خان نے اپنی کئی تقریروں میں کہا تھا کہ اس کی حکومت کو گرانے میں امریکہ کا ہاتھ ہے اوراس سازش میں پاکستانی اسٹیبلشمنٹ اور پی ڈی ایم نے امریکہ کا ساتھ دیا۔

ٹیگس