Apr ۱۶, ۲۰۲۳ ۰۹:۰۷ Asia/Tehran
  • سیاسی جماعتوں کو مذاکرات کی میز پر لانے کیلئے جماعت اسلامی اور پیپلز پارٹی سرگرم

پاکستان کو موجودہ سیاسی اور آئینی بحران سے نکالنے اورسیاسی جماعتوں کو مذاکرات کی میز پر لانے کیلئے جماعت اسلامی اور پیپلز پارٹی سرگرم ہو گئی ہیں۔

سحر نیوز/پاکستان: امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی حکومت اور اپوزیشن جماعت تحریک انصاف کے ساتھ ہونے والی ملاقات میں دونوں فریقین نے مذاکرات پر آمادگی ظاہر کی ہے اور پاکستان تحریک انصاف کی دیگر سیاسی جماعتوں سے روابط و اشتراک میں اہم ترین پیش رفت سامنے آئی ہے۔ امیر جماعت اسلامی حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات کرنے کے لیے سرگرم ہیں، قبل ازیں انہوں ںے وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کی اور پھر عمران خان سے ملاقات کرکے انہیں حکومت سے مذاکرات کی تجویز دی ہے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے واضح کیا کہ عمران خان سے مذاکرات آئین کے دائرے میں رہتے ہوئے کیے جائیں گے جبکہ عمران خان نے بھی مذاکرات کی پیش کش پر مثبت جواب دیا۔

جماعت اسلامی کے امیر نے کہا کہ ملک میں الیکشن ایک ہی وقت پر موضوع ہیں، سیاسی صورت حال کو سیاسی طریقے سے ہی مل بیٹھ کر حل کرنا ہوگا کیونکہ پاکستان کسی غیر یقینی صورت حال کا متحمل نہیں ہوسکتا۔

جماعتِ اسلامی کے امیر سراج الحق پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان سے ملنے زمان پارک لاہور پہنچے۔ ان کے ساتھ نائب امیرِ جماعت لیاقت بلوچ اور مرکزی سیکیرٹری جنرل امیر العظیم بھی موجود تھے۔

وفد نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے خصوصی تفصیلی ملاقات کی۔ اس اہم ترین ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

امیر جماعت اسلامی کی جانب سے انتخابات کے انعقاد کے لیے وسیع اتفاقِ رائے کے لیے کمیٹی کی تشکیل کی تجویز دی گئی۔

اس تجویز کا خیرمقدم کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ تحریک انصاف آئین کے دائرہ و حدود کے اندر بات چیت کیلئے تیار ہے۔

دریں اثنا پیپلز پارٹی  بھی سیاسی جماعتوں کو قریب لانے کیلئے سرگرم ہو گئی ہے اور اس نے اپنی اتحادی جماعت کے رہنما شاہ زین بگٹی سے ملاقات کی ہے اور سیاسی جماعتوں کو مل بیٹھ کر ملک کو موجودہ سیاسی بحران سے نکالنے کیلئے گفتگو کی۔

دوسری جانب  سابق وزیر اعظم عمران خان سے امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کی ملاقات کے بعد  پی ٹی آئی نے ایک 3 رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے ۔ پی ٹی آئی کی مذاکراتی ٹیم پرویز خٹک ، اعجاز چودھری اور میاں محمود الرشید پر مشتمل ہوگی جو ملک میں جاری سیاسی بحران کے بارے میں جماعت اسلامی سے مذاکرات کرے گی ۔

ٹیگس