Apr ۱۸, ۲۰۲۳ ۱۰:۲۱ Asia/Tehran
  • طورخم بارڈر کے قریب پہاڑی تودہ گرنے سے 2 ہلاک، متعدد کنٹینرز ملبے تلے دب گئے

طورخم بارڈر کے قریب ایکسپورٹ روڈ پر پہاڑی تودہ گرنے سے متعدد مال بردار گاڑیاں اور کنٹینرز ملبے تلے دب گئے ہیں۔

سحر نیوز/پاکستان: پاکستان کے صوبے خیبرپختونخوا میں ضلع خیبر کے علاقے طورخم بارڈر پر بارش اور لینڈ سلائیڈنگ کے سبب پہاڑی تودہ گرنے سے 20 سے زیادہ ٹرک دب گئے جس کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک جبکہ درجنوں افراد کے پھنسے ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

ضلع خیبر کے ڈپٹی کمشنر عبد الناصر خان نے خبررساں ادارے ’رائٹرز‘ کو بتایا کہ 20 سے 25 کنٹینرز ملبے میں دبے ہوئے ہیں، لینڈ سلائیڈنگ کے سبب 2 افغان شہری لقمۂ اجل بن گئے ہیں جنکی کی لاشوں کو نکالنے کی کوشش جاری ہے۔

علاوہ ازیں ترجمان ریسکیو 1122 بلال فیضی نے بتایا کہ 8 زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، لینڈ سلائیڈنگ کے فوراً بعد آگ بھڑک اٹھی تھی کیونکہ ٹرک ڈرائیورز چولہے پر سحری تیار کر رہے تھے، تاہم اب آگ پر قابو پالیا گیا ہے۔

بلال فیضی نے بتایا کہ ملبہ بڑے پیمانے پر پھیلا ہوا ہے اور ریسکیو آپریشن جاری ہے جس میں 60 سے زائد ریسکیو اہلکار حصہ لے رہے ہیں۔

حکام کی جانب سے فراہم کردہ تصاویر میں ٹرک کے کنٹینرز پتھروں کے ڈھیر میں دبے ہوئے دیکھے جا سکتے ہیں۔

یاد رہے کہ یہ لینڈ سلائیڈنگ گزشتہ رات ڈھائی بجے طور خم ایکسپورٹ روڈ پر ہوئی، جو پاکستان، افغانستان اور وسطی ایشیا کے درمیان تجارت کے لیے ایک اہم ٹرانزٹ پوائنٹ ہے۔

واضح رہے کہ بلوچستان کے بیشترعلاقوں میں موسلادھار بارشوں کا سلسلہ گزشتہ ماہ کے اختتام سے وقفے وقفے سے جاری ہے۔

ٹیگس