حکمراں اور اپوزیشن کے رہنماؤں کے ساتھ امیر جماعت اسلامی کا رابطہ
Apr ۲۳, ۲۰۲۳ ۱۴:۳۴ Asia/Tehran
امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی جانب سے موجودہ سیاسی بحران سے ملک کو نکالنے کے لئے حکمراں اور اپوزیشن دھڑوں کے رہنماؤں کے ساتھ رابطوں کا سلسلہ جاری ہے۔
سحر نیوز/ پاکستان: پاکستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے اس سلسلے میں پنجاب کے سابق وزیر اعلی چودھری پرویز الہی سے ٹیلی فون پر گفتگو کی ہے۔ جماعت اسلامی پاکستان کے سیکریٹری اطلاعات، قیصر شریف نے بتایا ہے کہ دونوں رہنماؤں نے اس ٹیلی فونی گفتگو میں ملک کو موجودہ سیاسی بحران سے نکالنے کی راہوں پر تبادلہ خیال کیا۔
اس رپورٹ کے مطابق امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے چودھری پروزیرالہی سے اس ٹیلی فونی گفتگو میں کہا ہے کہ ملک کو موجودہ سیاسی بحران سے نکالنے کے لئے سبھی متعلقہ فریقوں کو کردار ادا کرنا ہوگا۔
چودھری پرویز الہی سے گفتگو سے پہلے امیر جماعت اسلامی نے وزیر اعظم شہباز شریف سے اس سلسلے میں گفتگو کی تھی۔ جماعت اسلامی پاکستان کے ذرائع کے مطابق سراج الحق نے اس گفتگو میں شہباز شریف سے کہا تھا کہ بحثیت وزیراعظم ملک کو موجودہ سیاسی بحران سے نکالنے کے حوالے سے آپ کی ذمہ داری زیادہ ہے۔
اس گفتگو میں میاں شہباز شریف نے امیر جماعت اسلامی کو بتایا کہ اتحادی رہنماؤں سے ان کی مشاورت جاری ہے اور اس سلسلے میں انھوں نے چھبیس اپریل کو اتحادی جماعتوں کا ایک اجلاس بھی بلا لیا ہے۔
یاد رہے کہ امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے پاکستان کو موجودہ سیاسی بحران سے نکالنے کے لئے حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان ثالثی کا آغاز کیا ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ ملک کو موجودہ سیاسی بحران سے، عدالت عظمی یا فوج نہیں بلکہ صرف سیاسی جماعتیں نکال سکتی ہیں ۔
اپنی ان کوششوں کے تحت امیر جماعت اسلامی، پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف اور پی ٹی آئی چیئر مین عمران خان سے ملاقات بھی کرچکے ہیں۔
سراج الحق سے ملاقات اور مذاکرات کے بعد پی ٹی آئی چیئرمین نے اپنی جماعت کی مذاکراتی ٹیم تشکیل دینے کا بھی اعلان کیا تھا۔