Apr ۲۸, ۲۰۲۳ ۱۳:۴۲ Asia/Tehran
  • صدر پاکستان کی عالم اسلام کے مسائل پر توجہ دینے پر ایران کی تعریف

پاکستان کے صدر عارف علوی نے عالم اسلام کے مسائل خاص طور پر مسئلہ فلسطین پر توجہ دینے کی بنا پر ایران کی تعریف کرتے ہوئے پاک ایران تعلقات کو مزید فروغ دینے کی خواہش ظاہر کی ہے۔

سحر نیوز/پاکستان: اسلام آباد میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر سید محمد علی حسینی نے اپنے مشن اور ذمہ داری کے اختتام پر صدر پاکستان سے الوداعی ملاقات کی۔

صدر پاکستان کے دفتر نے اس ملاقات کے بارے میں ایک بیان میں کہا ہے کہ صدر عارف علوی نے اس ملاقات میں ایران اور پاکستان کے تعاون کو مزید بڑھانے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ملکوں کے مابین اقتصادی تعلقات خاص طور پر تجارتی لین دین کو بڑھانے سے باہمی مفادات کو پورا کرنے میں مدد ملے گی۔

صدر پاکستان عارف علوی نے مزید کہا کہ پاکستان ایران کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو بہت زیادہ اہمیت دیتا ہے اس لیے کہ دونوں برادر ملکوں کے درمیان تاریخی اور ثقافتی رشتے موجود ہیں اور اس کے علاوہ اہم علاقائی اور بین الاقوامی امور میں دونوں مشترکہ نقطہ نظر رکھتے ہیں۔

صدر پاکستان نے ایران کی جانب سے عالم اسلام کے مسائل خاص طور پر مسئلہ فلسطین پر توجہ اور اسلاموفوبیا کے خلاف اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے ایران اور سعودی عرب کے مابین تعلقات کی بحالی پر مسرت کا اظہار کیا اور اسے ایک اہم تبدیلی قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس سے مشرق وسطی میں امن و استحکام قائم ہو گا۔

اسلامی جہموریہ ایران کے سفیر سید محمد علی حسینی نے اقتصادی تعاون کے لیے ایران اور پاکستان کی توانائیوں کی اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان چھے سرحدی بازار قائم کیے گئے ہیں اور پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے لیے ایران کی جانب سے بجلی کی فراہمی کے منصوبے پر عمل درآمد کیا جا رہا ہے۔ 

ٹیگس