May ۰۱, ۲۰۲۳ ۱۱:۴۵ Asia/Tehran
  • پاکستان بلوچستان میں بارشوں سے 8 افراد جاں بحق

پاکستان کے صوبے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں ہونے والی موسلادھار بارشوں اور طوفانی ہواؤں سے کم سے کم 8 افراد ہلاک اور درجن سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔

سحرنیوز/ پاکستان: پاکستانی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق صوبۂ بلوچستان کے علاقوں لسبیلا، خضدار، مشخیل، نصیرآباد، قلعہ سیف اللہ اور ہرنائی میں ہونے والے موسلادھار بارشوں اور طوفانی ہواؤں سے 8 افراد جاں بحق ہو گئے جب کہ درجن سے زیادہ افراد زخمی ہو گئےہیں۔

رپورٹ کے مطابق صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی اور مقامی انتظامیہ نے متاثرہ علاقوں میں امدادی آپریشن شروع کر دیا ہے اور متاثرہ لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا عمل جاری ہے۔ رپورٹ کے مطابق موسلادھار بارشوں سے بھاری مالی نقصانات اور مویشیوں کے تلف ہونے کے خدشات بھی ظاہر کئے جا رہے ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بارشوں کے بعد سیلاب آ گیا جس سے کئی مقامات پر سڑکیں بند ہو گئیں۔ لسبیلا میں ایک پل بہہ جانے سے کوئٹہ اور کراچی کے درمیان رابطہ منقطع ہو گیا ہے جبکہ پنجاب اور بلوچستان کو ملانے والی سڑک زیر آب آنے سے دونوں صوبوں کا رابطہ کٹ گیا ہے۔

ٹیگس