May ۰۴, ۲۰۲۳ ۰۸:۴۲ Asia/Tehran
  • شہباز شریف کا دورۂ لندن، نواز شریف کے ساتھ اہم امور پر تبادلہ خیال کا امکان

پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف شاہ چارلس سوئم کی تاجپوشی کی تقریب میں شرکت کے لئے چند روز قبل ہی لندن پہنچ گئے ہیں۔

سحر نیوز/پاکستان: پاکستانی میڈیا کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کا ایئرپورٹ پر پاکستان کے ہائی کمشنر معظم احمد خان اور برطانوی سیکریٹری خارجہ کے خصوصی نمائندے نے استقبال کیا۔ وزیر اعظم پانچ مئی کو لندن میں دولت مشترکہ کے رہنماؤں کی ایک تقریب اور پھر اگلے روز چھے مئی کو شاہ چارلس سوئم کی تاجپوشی کی تقریب میں شرکت کریں گے۔

وزیراعظم کے دورہ لندن کو اس حوالے سے بھی اہم قرار دیا جا رہا ہے کہ وہ ممکنہ طور پر دورے کے دوران اپنے بڑے بھائی اور سربراہ مسلم لیگ (ن) نواز شریف سے ملک کی سیاسی صورتحال پر مشاورت کریں گے۔

مسلم لیگ (ن) کی زیرقیادت مخلوط حکومت اور عدلیہ اور اپوزیشن جماعت پی ٹی آئی کے درمیان محاذ آرائی اور پنجاب میں انتخابات کے انعقاد کے عدالتی حکم کے پیش نظر دونوں بھائیوں کے درمیان اس ملاقات کے دوران مسلم لگ (ن) کے مستقبل کے لائحۂ عمل اور نواز شریف کی وطن واپسی سمیت کئی اہم امور زیربحث آنے کا امکان ہے۔

وزارت عظمیٰ کا عہدہ سنبھالنے کے بعد سے شہباز شریف تین بار لندن کا دورہ کر چکے ہیں، آخری بار وہ نئے آرمی چیف کی تقرری سے قبل نومبر دوہزار بائیس میں لندن گئے تھے۔

ٹیگس