پی ٹی آئی کے جنرل سیکریٹری اسد عمر گرفتار
پی ٹی آئی کے جنرل سیکریٹری اور سابق وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر کو پولیس نے اسلام آباد ہائی کورٹ رٹ برانچ کے قریب گیٹ سے گرفتار کر لیا۔
سحر نیوز/پاکستان: اسد عمر پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی اور دیگر رہنماؤں کے ہمراہ اسلام آباد ہائی کورٹ پہنچے تھے جہاں وہ درخواست دائر کرنا چاہتے تھے کہ انہیں گرفتار چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے ملنے دیا جائے۔
اس موقع پر اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے اینٹی ٹیررسٹ اسکواڈ نے اسد عمر کو گرفتار کر لیا۔
پی ٹی آئی رہنماؤں نے اینٹی ٹیررسٹ اسکواڈ کو روکنے کی کوشش کی جس پر اہلکاروں نے انہیں پیچھے دھکیل دیا۔ اینٹی ٹیررسٹ اسکواڈ اپنی گاڑی میں بٹھا کر اسد عمر کو لے کر اسلام آباد ہائی کورٹ سے روانہ ہو گیا۔ اسد عمر، علی اعوان و دیگر کے خلاف رات گئے 2 مقدمات درج کیے گئے تھے۔
اسد عمر پر گزشتہ روز کے احتجاجی مظاہروں کی قیادت کے مقدمات تھانہ آبپارہ اور ترنول میں درج ہوئے تھے۔
پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ کل سے اب تک ہمارے 250 سے زائد کارکنوں اور رہنماوں کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔