May ۲۱, ۲۰۲۳ ۱۳:۵۷ Asia/Tehran
  • نو مئی کے واقعات پاکستان کے وجود پر حملہ ہیں: پاکستانی وزیر دفاع

پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ 9 مئی کے پرتشدد واقعات اور فوج کی تنصیاب پر حملے پاکستان کی سالمیت پر حملے تھے۔

سحرنیوز/پاکستان: پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ آصف نے 9 مئی کو فوجی تنصیبات پر ہونے والے پر تشدد واقعات کو ملکی سالمیت پر حملے قرار دیا ہے۔ انہوں نے سیالکوٹ میں میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مجھے کور کمانڈر کے مکان پر ہونے والے حملے، میانوالی ائیر بیس اور جی ایچ کیو پر ہونے والے حملے اور ہندوستان کے حملے میں کوئی فرق نظر نہیں آتا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہر شخص کو یہ بات یاد رکھنی چاہیے کہ جو قوم اپنے محسنوں کو بھول جاتی ہے تو پھر اس کے زندہ رہنے کا جواز ختم ہو جاتا ہے۔

دوسری جانب پاکستان کے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ 9 مئی کو ہونے والے سانحات کی منصوبہ بندی کرنے والوں، اکسانے اور حوصلہ افزائی کرنے اور مجرموں کے خلاف قانونی کاروائی کا آغاز پاکستان آرمی ایکٹ اور آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے شروع ہو چکا ہے۔

آئی ایس پی آر کی رپورٹ کے مطابق جنرل عاصم منیر نے یہ باتیں کور کمانڈرز ہیڈ کوارٹرز میں گیریژن افسران اور جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کیں۔ رپورٹ کے مطابق انہوں نے راہ وطن میں اپنی جان کا نذرانہ پیش کرنے والوں کے مزار پر حاضری دی اور انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے جناح ہاؤس کے دورے کے علاوہ فوج کی ان تنصیاب کا بھی دورہ کیا جن کو 9 مئی کے پرتشدد واقعات کے دوران نقصان پہنچایا گیا تھا۔

ٹیگس