ملک کی موجودہ معاشی اور سیاسی صورتحال پر صدرِ پاکستان کا اظہار تشویش
پاکستان کے صدر نے ملک کے موجودہ سیاسی و معاشی حالات پر اظہار تشویش کیا ہے۔
سحر نیوز/پاکستان: سینیئر آفیسرز لیڈر شپ کورس کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے صدر ڈاکٹر عارف علوی نے انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی)، مصنوعی ذہانت (اے آئی)، کلاؤڈ اور کوانٹم کمپیوٹنگ، اور سائبر کے شعبوں میں تیز رفتار ترقی اور اپنے نوجوانوں کی تعلیم اور ہنر کی نشو و نما کے میدان میں سرمایہ کاری کی ضرورت پر روشنی ڈالی۔
پاکستان کے صدر نے ملک کے موجودہ معاشی اور سیاسی بحران پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تمام اداروں کے سربراہان پر زور دیا کہ وہ ملک کو موجودہ سماجی، اقتصادی اور سیاسی مشکلات سے نجات دلانے کے لیے قومی ترجیحات پر توجہ دیں۔
انہوں نے کہا کہ تمام اداروں کی قیادت کی ذمہ داری ہے کہ وہ غربت پر قابو پانے، معیشت کی بہتری، آبادی میں اضافے کو کنٹرول کرنے، صحت اور تعلیم کی سہولیات کی فراہمی اور معاشرے سے خصوصاً ملک کے دیہی علاقوں میں عدم مساوات کو ختم کرنے سمیت بڑے چیلنجز سے نمٹنے پر توجہ دیں۔
انہوں نے 9 مئی کے واقعات پر اپنے گہرے دکھ کا بھی اظہار کیا اور ملک میں قانون کی حکمرانی کو برقرار رکھنے اور پرامن احتجاج کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ دنیا میں تیزی سے ہونے والی پیش رفت کے ساتھ رفتار کو برقرار رکھنے کے لیے پاکستان کو فیصلہ سازی کے عمل کو تیز کرنے کی ضرورت ہے۔