Jun ۰۸, ۲۰۲۳ ۱۸:۳۲ Asia/Tehran
  •  افغان مہاجرین کی گرفتاری کا سلسلہ بند کئے جانے پر افغانستان کی تاکید

اسلام آباد میں افغانستان کے سفارت خانے نے ایک بیان میں پاکستان میں افغان مہاجرین کی گرفتاری کا سلسلہ بند کئے جانے کی ضرورت پر تاکید کی ہے۔

سحر نیوز/ پاکستان: ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق اسلام آباد میں افغانستان کے سفارت خانے کی جانب سے جاری کئے جانے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں افغان مہاجرین کی گرفتاریوں سے کابل اور اسلام آباد کے تعلقات پر منفی اثرات مرتب ہوں گے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں بعض ایسے افغان شہریوں کو گرفتار کیا گیا ہے کہ جن کے پاس قانونی دستاویزات منجملہ پاسپورٹ موجود رہا ہے۔ اس بیان کے مطابق پاکستان میں گرفتار کئے جانے والے افغان مہاجروں کو رہا کرانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔

اسلام آباد میں افغانستان کے سفارت خانے کے مطابق حالیہ دنوں پاکستان میں کم سے کم ڈھائی سو مزیدافغان مہاجروں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ افغانستان میں گذشتہ چار عشروں کے بحران و بدامنی اور جنگ نیز قبضے کے نتیجے میں لاکھوں افغان شہریوں نے نقل مکانی کی ہے جبکہ مشترکہ ثقافت اور پڑوس میں واقع ہونے کی بنا پر نصف سے زائد افغان پناہ گزین پاکستان اور ایران میں زندگی بسر کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ حالیہ مہینوں کے دوران پاکستان میں افغان پناہ گزینوں کی گرفتاری، ان کے اخراج اور یا ان کے ساتھ بدسلوکی جیسے مسائل افغانستان و پاکستان کے تعلقات میں مختلف مسائل پیدا ہونے کا باعث بنے ہیں۔

ٹیگس