پاکستانی وزیرخزانہ کی پریس کانفرنس
پاکستان کے وزیرخزانہ نے کہا ہے کہ ترقیاتی بجٹ پر صحیح طریقے سے عمل ہو تو شرح نمو کا ہدف حاصل کرلیں گے۔
سحر نیوز/ پاکستان: پاکستان کے وزیرخزانہ نے وفاقی بجٹ پیش کرنے کے ایک دن بعد پریس کانفرنس میں کہا کہ ایف بی آر میں بجٹ معاملات پر دو کمیٹیاں بنائی جائیں گی ایک بزنس کمیٹی ہوگی اور دوسری ٹیکنیکل کمیٹی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ صوبوں کا ترقیاتی بجٹ پندرہ سو انسٹھ ارب روپئے ہے اور وفاق کا ترقیاتی بجٹ گیارہ سو پچاس ارب روپے ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ایس ڈی پی، پر شفاف طریقے سے عمل کیاگیا تو نظام بہتر ہوجائے گا۔
وزیرخزانہ نے کہا کہ عالمی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف کا خیال ہے کہ شرح نمو چار فیصد ہوسکتی ہے۔ انہوں نے دودھ پر ٹیکس لگانے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ دودھ پر نو فیصد ٹیکس لگانے کی بات درست نہیں ہے ملک میں نوے فیصد، کھلا دودھ ملتا ہے۔
پاکستان کے وزیرخزانہ نے نئے مالی سال کا بجٹ جمعہ کو قومی اسمبلی میں پیش کیا پاکستان کے نئے بجٹ میں دفاعی شعبوں میں پندرہ فیصد اضافہ کیا گیا اور دفاع کے لئے اٹھارہ سو چار ارب روپے رکھے گئے۔