Jun ۱۹, ۲۰۲۳ ۱۵:۲۳ Asia/Tehran
  •  مسافر بحری جہاز حادثے کے تعلق سے ایجنٹوں کے خلاف کارروائی کا اعلان

پاکستان کے وزیر دفاع نے یونان میں مسافر بحری جہاز حادثے کے تعلق سے ایجنٹوں کے خلاف کارروائی کا اعلان کیا ہے۔

سحرنیوز/پاکستان: پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ آصف نے پیر کو قومی اسمبلی کے اجلاس سے اپنے خطاب میں یونان میں حالیہ کشتی حادثے کو ایک بڑا سانحہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ انسانی اسمگلنگ میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی ہونی چاہئے۔
انھوں نے کہا کہ اس حادثے کے تعلق سے بتایا گیا ہے کہ یونان کے کوسٹ گارڈ اہلکاروں نے بے حسی کا مظاہرہ کیا اور ڈوبتے ہوئے لوگوں کو نہیں بچایا۔
قابل ذکر ہے کہ یونان میں کشتی حادثے میں بچ جانے والے ایک پاکستانی نے کہا ہے کہ تارکین وطن کی کشتی جان بوجھ کر ڈبوئی گئی ہے۔ اس نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ ڈوبتی ہوئی کشتی کے ارد گرد جہاز اور اوپر ہیلی کاپٹر گھومتے رہے لیکن لوگوں کو بچانے کی کوشش نہیں کی گئی۔
اس حادثے میں بچ جانے والے ایک شامی پناہ گزین نے بھی الزام لگایا ہے کہ یونانی کوسٹ گارڈ کے اہلکار تین گھنٹے تک لوگوں کو ڈوبتے دیکھتے رہے اور انہیں بچانے کے لئے کچھ نہیں کیا۔
قابل ذکر ہے کہ پاکستان کے وزیر ا‏عظم نے اس حادثے پر ملک میں سوگ کا اعلان کیا ہے
بعض رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ حادثے کی شکار کشتی میں دو سو دس پاکستانی موجود تھے جن میں سے صرف بارہ افراد کو زندہ بچایا جاسکا ہے۔

ٹیگس