Jun ۲۵, ۲۰۲۳ ۱۰:۴۹ Asia/Tehran
  • پمز اسلام آباد میں کولنگ کا نظام فیل، 4 مریض جان کی بازی ہار گئے، ڈاکٹروں کا احتجاج

پاکستانی انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کے ایمرجنسی وارد میں گزشتہ دو دن میں چار مریض شدید گرمی سے جان کی بازی ہار گئے جس پر ڈاکٹروں نے ہسپتال انتظامیہ کے خلاف مظاہرہ کیا ہے۔

سحرنیوز/پاکستان: پاکستانی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) کے ایمرجنسی وارڈ میں ٹھنڈک کا نظام نہ ہونے سے گزشتہ دو دن میں چار مریض اپنی جان سے جا چکے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق ان مریضوں کو مختلف وجوہات کی بنیاد پر ہسپتال لایا گیا تھا لیکن ائیرکنڈیشنگ سسٹم کے نہ چلنے کی وجہ سے وارڈ میں شدید گرمی ہو گئی اور ڈاکٹروں کے مطابق یہ مریض بہتر ہونے کے بجائے گرمی کے باعث دم گھٹنے سے جان کی بازی ہار گئے۔

ڈاکٹروں نے ہسپتال میں شدید گرمی کے باعث حالات کو میڈیکل خدمات کی فراہمی کےلئے ناممکن قرار دیا ہے جو ایمرجنسی وارڈ میں مریضوں کی جان جانے کا باعث بن رہی ہے جب کہ مریضوں کے ہمراہ آنے والے بعض افراد کی حالت بھی گرمی سے غیر ہونے کی خبر ہے۔

رپورٹ کے مطابق ہسپتال میں ایکس رے فیلم بھی موجود نہیں ہیں جس کی وجہ سے ڈاکٹر مریضوں کو اپنے موبائل فون سے تصویر لے کر دکھانے کی ہدایت کر رہےہیں۔

ہسپتال کے ایک ڈاکٹر نے نام نہ بتانے کی شرط پر بتایا کہ ان چاروں مریضوں کی جان بچائی جا سکتی تھی اگر ہسپتال کا ٹھنڈک فراہم کرنے والا نظام فعال ہوتا، ابھی تو ایک صحت مند انسان بھی ایمرجنسی کے اندر ایک گھنٹہ نہیں گزار سکتا، آپ اس سے ان مریضوں کی حالت کا خود اندازہ لگا سکتےہیں۔

رپورٹ میں ایک ڈاکٹر کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ابھی تک ہسپتال سے 70 اے سی اتارے گئے ہیں جن کی کوئی خبر نہیں کہ وہ کہاں گئے ہیں اور اس کا بہانہ یہ بنایا گیا ہے کہ ہسپتال میں ایچ وی اے سی نظام نصب کیا جا رہا ہے۔

ٹیگس