نریندر مودی کی دعوت پر شہباز شریف کی شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت
پاکستان کے وزیراعظم میاں شہباز شریف اپنے ہندوستانی ہم منصب نریندر مودی کی دعوت پر شنگھائی تعاون تنظیم کی سربراہی کونسل کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔
سحر نیوز/پاکستان: پاکستان کی دفتر خارجہ کی ترجمان نے ایک ٹویٹ میں یہ اطلاع دی۔ انہوں نے اپنے ٹویٹ میں ایک اعلامیہ پوسٹ کیا جس میں لکھا ہوا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف ہندوستانی وزیراعظم نریندر مودی کی دعوت پر چار جولائی کو ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کی سربراہی کونسل (سی ایچ ایس) کے تیئیسویں اجلاس میں شرکت کریں گے۔
دفتر خارجہ کی ترجمان کے جاری کردہ بیان کے مطابق ہندوستان کے وزیراعظم نریندر مودی نے شنھائی تعاون تنظیم کے موجودہ سربراہ کی حیثیت سے اپنے پاکستانی ہم منصب کو اجلاس میں شرکت کی دعوت دی ہے۔
سربراہی کونسل سی ایچ ایس شنگھائی تعاون تنظیم کا اعلیٰ ترین فورم ہے جس میں شرکت کرنے والے رہنما اہم عالمی اور علاقائی مسائل پر غور و خوض کریں گے اور ایس سی او کے رکن ممالک کے درمیان تعاون کی مستقبل کی سمت کا خاکہ بنائیں گے۔ بیان کے مطابق اس سال ایس سی او سربراہ اجلاس، تنظیم کے نئے رکن کے طور پر ایران کا خیرمقدم کرے گا۔
قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری گزشتہ ماہ شنگھائی تعاون تنظیم کی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس میں شرکت کے لیے بھارتی شہر گوا پہنچے تھے۔