پاکستانی وزیر خارجہ جاپان کے دورے پر
پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری جاپان کی حکومت کی دعوت پر چار روزہ سرکاری دورے پر ٹوکیو پہنچ گئے۔
سحر نیوز/پاکستان: ترجمان وزارت خارجہ کی جانب سے ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا گیا کہ جاپان کی حکومت کی دعوت پر وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سرکاری دورے پر ٹوکیو پہنچ گئے ہیں۔
بیان کے مطابق پاکستان کے وزیر خارجہ اپنے اس دورے کے دوران اپنے جاپانی ہم منصب یوشیماسا ہایاشی کے ساتھ وفد کی سطح پر مذاکرات کریں گے، اس کے علاوہ جاپانی وزیر اعظم فومیو کشیدا اور وہاں کی قومی سلامتی کے مشیر سے ملاقات بھی اُن کے پروگراموں میں شامل ہے۔
پاکستانی وزارت خارجہ کے بیان کے مطابق اسی طرح مشہور کاروباری اداروں کے نمائندوں اور جاپان کے لیے افرادی قوت فراہم کرنے والے اداروں کے عہدیداروں کے ساتھ بھی بلاول بھٹو کی ملاقات کا امکان ہے۔
بیان میں جاپان کے پاکستان کے تعلقات کو ایسے دیرپا اور آزمودہ تعلقات قرار دیا گیا ہے جو خلوص اور تنازعات پر مشترکہ نکتہ نظر سے مزید گہرے ہیں۔
پاکستانی دفترخارجہ کی ویب سائٹ کے مطابق پاکستان اور جاپان کے درمیان اپریل انیس و باون میں سفارتی تعلقات قائم ہوئے تھے اور اکتوبر دوہزار انیس میں پاکستان کے صدر ڈاکٹر عارف علوی نے جاپان کے بادشاہ کی تاج پوشی کی تقریب میں شرکت کی تھی جبکہ اُسی سال اس وقت کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھی جاپان کا دورہ کیا تھا اور اس سے قبل دوہزار گیارہ میں اس وقت کے صدر اور بلاول بھٹو کے والد آصف علی زرداری نے بھی جاپان کا دورہ کیا تھا اور اس دوران دونوں ممالک نے پاکستان-جاپان شراکت داری کے مشترکہ اعلامیے پر دستخط کیے تھے۔