Jul ۰۳, ۲۰۲۳ ۰۹:۰۷ Asia/Tehran
  • کرسی اقتدار کے لئے تیار ہوتے نواز شریف، انتخابات میں کامیابی کی صورت میں مہنگائی پر قابو پانے کی بات کی

پاکستان میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کے حوالے سے پاکستان مسلم لیگ نون کے سربراہ نواز شریف کا ایک بڑا دعویٰ سامنے آیا ہے۔

سحر نیوز/پاکستان: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے کہا ہے کہ آئندہ عام انتخابات میں اگر وہ عوام کے ووٹوں سے اقتدار میں آگئے تو مہنگائی پر قابو پانے کے لیے کام کریں گے۔ نواز شریف نے دعویٰ کیا کہ ان کی جماعت تمام مسائل پر قابو پائے گی جن کا عوام کو سامنا ہے۔

نواز شریف کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے، جب مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی قیادت متحدہ عرب امارات میں عام انتخابات کے پس منظر میں ملاقاتیں کر رہی ہے، جو رواں برس کے آخر میں متوقع ہیں۔

پاکستانی میڈیا میں شائع شدہ رپورٹوں کے مطابق فریقین نے کئی معاملات پر اتفاق کیا ہے، جن میں نگران سیٹ اپ کے نام اور اگر دونوں جماعتیں انتخابات جیت جاتی ہیں تو اقتدار کی تقسیم کا فارمولا شامل ہے۔

نواز شریف اور پیپلز پارٹی کے رہنما آصف علی زرداری سمیت دونوں جماعتوں کے سرکردہ رہنماؤں نے دیگر مسائل کے علاوہ انتخابات کی تاریخ کا فیصلہ کرنے کے لیے گزشتہ ہفتے ایک سے زائد مرتبہ ملاقات کی۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس اپریل میں سابق وزیراعظم عمران خان کی حکومت کو تحریک عدم اعتماد کے ذریعے ہٹانے کے اور پھر پاکستان مسلم لیگ (ن) اور اس کی اتحادی جماعتوں کے اقتدار میں آنے کے چند مہینے بعد مہنگائی بتدریج بے قابو ہوتی چکی گئی۔

ٹیگس