Jul ۰۹, ۲۰۲۳ ۱۰:۳۴ Asia/Tehran
  • آرمی چیف کے خلاف میڈیا مہم آزادی اظہار کے زمرے میں نہیں آتا: پاکستانی وزیر اعظم

پاکستان کے وزیراعظم نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر پر قاتلانہ حملے کی سوشل میڈیا پر مہم چلانے کی شدید مذمت کی ہے۔

سحر نیوز/پاکستان: پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ 9 مئی کے یوم سیاہ کے لیے بھی ایسی ہی ذہن سازی کی گئی تھی، لہٰذا 9 مئی کے منصوبہ ساز، سہولت کار اور ہینڈلرز کو دوٹوک پیغام ہے کہ پاکستان اور اس کے اداروں کے خلاف ہر سازش کچل دیں گے۔

شہباز شریف نے کہا کہ آرمی چیف اور فوج کے خلاف گھٹیا، مذموم اور شرانگیز میڈیا مہم شیطانی ذہن کی منصوبہ بندی کا نتیجہ ہے، سازشی ذہن اورعناصر ملک میں سیاسی و معاشی استحکام کے خلاف پھر سے سرگرم عمل ہیں۔

پاکستان کے وزیراعظم نے متعلقہ اداروں کو میڈیا مہم چلانے والوں کے خلاف اندرون و بیرون ملک قانونی اقدامات کی ہدایت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ فوج اور اس کے سربراہ کے خلاف میڈیا مہم آزادی اظہار کے زمرے میں نہیں آتا، یہ صرف سازش ہے جسے پوری قوت سے روکنا قانونی فرض ہے۔

قابل ذکر ہے کہ پاکستان کی اتحادی حکومت، اپوزیشن جماعت پی ٹی آئی پر الزام عائد کرتی ہے کہ اُس نے ایک سازش کے تحت آرمی کے خلاف محاذ کھولا ہے جبکہ پی ٹی آئی کی قیادت کا الزام ہے کہ ایک سازش کے تحت، حکومت آرمی اور انکی پارٹی کو آمنے سامنے لاکھڑا کرنا چاہتی ہے۔

ٹیگس