Jul ۱۱, ۲۰۲۳ ۱۴:۱۰ Asia/Tehran
  • بھکاری پن کے خاتمے کے لیے ہمیں اپنے پاؤں پر کھڑا ہونا ہو گا: پاکستانی وزیراعظم

پاکستان کے وزیرِاعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بھکاری پن کے خاتمے کے لیے ہمیں اپنے پاؤں پر کھڑا ہونا ہو گا۔

سحر نیوز/ پاکستان: پشاور میں فاٹا یونیورسٹی میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ رواں سال بہت مشکل تھا۔ معاشی صورتحال کے باعث آئی ایم ایف کے پاس جانا پڑا۔ آئی ایم ایف پروگرام مجبوری میں قبول کیا۔ قرضوں سے جان چھڑانا اور بھکاری پن کا خاتمہ کرنا ہے تو مل کر کام کرنا ہوگا اور اپنے پیروں پر کھڑا ہونا ہوگا۔

شہباز شریف نے کہا کہ ماضی سے سبق سیکھنا ہو گا رونے دھونے سے کوئی ملک ترقی نہیں کرتا ۔ ترقی کے لیے محنت کرنا ہوگی ۔ مہنگائی میں بتدریج کمی کریں گے۔ آئندہ چند سالوں میں پاکستان خطے کا خوشحال ملک ہوگا۔ ملک کی معاشی صورتحال میں بہتری آ رہی ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ میں یا ہمارے دوسرے زعما بیرون ممالک جاتے ہیں، جب بیرون ممالک میں ہمارا استقبال کیا جاتا ہے تو میں ان لوگوں کے چہروں کو دیکھتا ہوں، استقبال کرنے والوں کے چہرے کہہ رہے ہوتے ہیں کہ یہ آ گئے ہم سے پیسہ مانگنے۔

انہوں نے کہا کہ آج میرے لیے بہت خوشی اور اطمینان کا دن ہے، خیبرپختونخوا نے پاکستان کو دہشت گردی سے بچانے کے لیے تاریخی کردار ادا کیا، ایک لاکھ لیپ ٹاپس پورے پاکستان میں میرٹ کی بنیاد پر تقسیم کیے جا رہے ہیں۔

ٹیگس