Jul ۲۰, ۲۰۲۳ ۱۲:۲۲ Asia/Tehran
  • پاکستان: محرم الحرام میں فوج تعینات کرنے کا فیصلہ، دفعہ 144 نافد

پاکستان میں بڑھتی ہوئی دہشتگردی کی وجہ سے محرم الحرام میں فوج تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور 9 اور 10 محرم کو موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کردی گئی۔

سحر نیوز/ پاکستان: وفاقی وزارتِ داخلہ نے محرم الحرام کے دوران ملک بھر میں فوج تعینات کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

جاری کیے گئے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ آرٹیکل 245 کے تحت ملک بھر میں فوج تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

وزارتِ داخلہ نے اس ضمن میں چاروں صوبوں سمیت گلگت اور ااس ملک کے زیر انتظام کشمیر حکومت کو مراسلہ بھیج دیا ۔ وفاقی وزراتِ داخلہ کے مطابق تمام صوبوں کی درخواست پر فوج کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے۔

 محرم الحرام کے سلسلے میں سندھ بھر میں دفعہ 144 نافد کر دی گئی جبکہ تاسوعا اورعاشورا کے دن  موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی ہوگی۔

صوبے بھر میں محرم کے دوران اسلحہ لیکر چلنے پر پابندی عائد کی گئی ہے، قانون نافد کرنے والے اداروں کے علاوہ کسی کو اسلحہ لیکر چلنے کی اجازت نہیں ہے۔

مجالس اور امام بارگاہ کے علاوہ 5 افراد سے زیادہ کھڑے ہونے پر پابندی عائد کی گئی ہے جبکہ ہوٹلز اور عوامی مقامات پر وی سی آر اور فلموں کی نمائش پر پابندی عائد کر دی گئی۔

واضح رہے کہ پاکستان میں آج یکم محرم الحرام ہے۔

ٹیگس