پی ٹی آئی کی مخالفت کے باوجود نگران وزیراعظم کے اختیارات میں اضافہ: الیکشن ایکٹ ترمیمی بل منظور
حکومت اپنے اتحادیوں کو منانے میں کامیاب ہوگئی جس کے بعد پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں الیکشن ایکٹ ترمیمی بل 2023 کثرت رائے سے منظور کرلیا گیا۔
سحر نیوز/ پاکستان: پاکستان تحریک انصاف کی مخالفت کے باوجود پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں الیکشن ایکٹ کے سیکشن 230 کے کلاز 2 اے کو منظور کر لیا گیا ہے۔
الیکشن ایکٹ کے سیکشن 230 کی منظوری کے ذریعے نگراں وزیراعظم کے اختیارات میں اضافہ کیا گیا ہے، اس سیکشن کی پیپلز پارٹی کے رہنما رضا ربانی اور پی ٹی آئی نے مخالفت کی ہے، پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں کورم پورا ہونے کی نشاندہی کر دی گئی۔
مشترکہ اجلاس نے امیدوار کو تین پولنگ ایجنٹ نامزد کرنے کا اختیار دینے کی ترمیم بھی منظور کر لی جس کے بعد امیدوار کسی ایک پولنگ سٹیشن پر 3 پولنگ ایجنٹس کے نام دے سکے گا، جن میں سے صرف ایک پولنگ ایجنٹ ہی پولنگ اسٹیشن کے اندر رہے گا۔
ترمیم کے ذریعے پریذائیڈنگ افسر کو ووٹرز کی لسٹ پولنگ سٹیشن کے باہر آویزاں کرنے کا پابند کیا گیا ہے، پوسٹل بیلٹنگ کو شفاف بنانے کیلئے بھی ترمیم مشترکہ اجلاس سے منظور کر لی گئی، جس کے تحت الیکشن کمیشن انتخابات سے قبل جاری کردہ پوسٹل بیلٹ کی تفصیل ویب سائٹ پر ڈالنے کا پابند ہو گا۔
ترمیم منظوری کے بعد ہارنے اور جیتنے والے امیدوار کے درمیان ووٹ کا فرق 5 فیصد ہونے پر دوبارہ گنتی ہو سکے گی، قومی اسمبلی 8 جبکہ صوبائی اسمبلی کی نشست میں 4 ہزار ووٹ کا فرق ہو تو ری کاؤنٹنگ ہو گی، ریٹرننگ افسر اپنی نگرانی اور امیدواروں کی موجودگی میں دوبارہ گنتی کروائے گا۔