پاکستان؛ 9 اور 10 محرم کو سکیورٹی کے پیش نظر ملکی سطح پر خصوصی انتظامات
پاکستان میں بڑھتی ہوئی دہشتگردی اور سکیورٹی کے سنگین خدشات کے پیش نظر 9 اور 10 محرم کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔
سحر نیوز/پاکستان: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، خیبر پختونخوا کے 14 اضلاع اور کوئٹہ میں 9 اور 10 محرم الحرام یعنی تاسوعائے حسینی اور عاشورائے حسینی کے موقع پر موبائل فون سروس صبح 6 بجے سے رات دیر گئے تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ جبکہ صوبۂ سندھ میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔ موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد ہے۔
صوبۂ سندھ میں محرم کے دوران اسلحہ لیکر چلنے پر پابندی عائد کی گئی ہے، قانون نافد کرنے والے اداروں کے علاوہ کسی کو اسلحہ لیکر چلنے کی اجازت نہیں ہے۔
مجالس اور امام بارگاہ کے علاوہ 5 افراد سے زیادہ کھڑے ہونے پر پابندی عائد کی گئی ہے جبکہ ہوٹلز اور عوامی مقامات پر وی سی آر اور فلموں کی نمائش پر پابندی عائد کر دی گئی۔
پورے پاکستان میں آج 9 محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کے لئے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں، جلوس کے روٹ پر آنے والی بلند عمارتوں اور مرکزی جلوس کے اطراف اور گزرگاہوں پر اسنائپرز بھی تعینات کئے گئے اور جلوس کے راستوں کی فضائی نگرانی بھی کی جا رہی ہے۔
اُدھر کراچی سے بھی اطلاعات ہیں کہ سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لئے ساڑھے چار ہزار سے زائد پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان کل بروز ہفتہ 29 جولائی کو عاشورائے حسینی ہے۔