کیا پاکستان میں وقت سے پہلے اسمبلیاں تحلیل ہوجائیں گی؟
پاکستان کے وزیراعظم نے اسمبلیاں تحلیل کرنے کی تاریخ بتا دی اور کہا ہے کہ 9 اگست کو اسمبلیاں تحلیل کردی جائیں گی۔
سحرنیوز/پاکستان: پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے ارکان پارلیمنٹ کے اعزاز میں دیئے گئے عشائیے سے خطاب کے دوران کہا کہ 15 ماہ میں تمام تنقید کے باوجود ریاست کو بچایا، آج ہمارا ضمیر مطمئن ہے کہ ہم نے سیاست کی قربانی دے کر ملک کو بھنور سے نکالا، مشکل وقت میں حکومت سنبھالی، ہر طرف خطرات تھے۔
انہوں نے کہا کہ آئندہ چند روز میں ہماری حکومت ختم ہوجائے گی، کوشش ہے کہ سب کےلئے قابل قبول نگران سیٹ اپ تشکیل دیا جائے۔
شہباز شریف نے دعوی کیا کہ اتحادی حکومت کے تعاون سے ہر مشکل پر قابو پایا، آئی ایم ایف سے معاہدہ آسان نہیں تھا، یہ پل صراط بھی عبور کیا۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ نگران وزیر اعظم کےلیے کل سے مشاورت ہوگی، آئندہ 2 سے 3 روز میں مشاورت کا عمل مکمل کرلیں گے۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ ہر چند کہ شہباز شریف نے 9 اگست کو اسمبلیاں تحلیل کرنے کا عندیہ دیا ہے تاہم ابھی کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا اس لئے کہ پاکستان کی سیاست میں کافی اتار چڑھاو دیکھا گیا ہے اور کسی بھی وقت کچھ بھی ہوسکتا ہے۔
واضح رہے کہ موجودہ قومی اسمبلی کی مدت 12 اگست کی رات 12 بجے پوری ہو رہی ہے۔