Aug ۱۸, ۲۰۲۳ ۱۱:۵۵ Asia/Tehran
  • پاکستان کے صوبہ پنجاب میں ممکنہ سیلاب کا الرٹ جاری

صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی نے دریائے ستلج میں پانی کی سطح بڑھنے سے سیلاب کی وارننگ جاری کر دی ہے۔

سحرنیوز/پاکستان: پاکستانی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی نے مختلف اضلاع میں سیلاب کی وارننگ جاری کر دی ہے۔رپورٹ کے مطابق اونچے درجے کا سیلاب اوکاڑہ، قصور، پاکپتن، بھاولنگر، وہاڑی، لودھراں، ملتان اور بھاولپور کے اضلاع کو متاثر کر سکتا ہے۔
اسی طرح سے پی ڈی ایم اے نے دریائے ستلج میں اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ظاہر کیا ہے کیونکہ ہندوستان اپنے ہیڈورکس سے پانی کا بہت زیادہ اخراج کر رہا ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان میں ایک طرف تو پانی کی کمی سے زراعت کے شعبے کو خطرات لاحق ہیں اور پاکستان ان ممالک کی فہرست میں شامل ہے جو پانی کی قلت کا شکار ہیں جب کہ دوسری طرف ہر سال سیلاب سے ملک کے مختلف علاقوں میں بہت بڑے پیمانے پر نقصانات بھی ہوتے ہیں۔

ٹیگس