Aug ۲۹, ۲۰۲۳ ۱۱:۰۴ Asia/Tehran
  • بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف پاکستان میں احتجاج کا سلسلہ جاری

پاکستان میں بجلی کے بلوں سے ستائے عوام نے اس بار راولپنڈی میں بجلی کے بلوں کو آگ لگا دی ہے جب کہ حیدرآباد میں شٹر ڈاؤن ہڑتال جاری ہے۔

سحرنیوز/پاکستان: پاکستانی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کے مختلف شہروں میں بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔
رپورٹ کے مطابق راولپنڈی میں ناراض مظاہرین نے بکرا منڈی کے علاقے میں ایک گرڈ اسٹیشن کا محاصرہ کر لیا اور بجلی کے بلوں کو احتجاج کے طور پر آگ لگا دی۔
راولپنڈی کے چیمبر آف کامرس نے بجلی کے بلوں میں اضافے کے خلاف مظاہروں کی کال دی ہے، جس کے مطابق 2 بجے مارکیٹ بند ہوجائے گی اور مظاہرین ریلیوں کی صورت میں کچہری چوک پر احتجاج کریں گے۔
جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے بھی ایک ستمبر کو لیاقت باغ میں بجلی کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافے کے خلاف احتجاج کی کال دی ہے اور اسی حوالے سے 2 ستمبر کو پورے ملک میں شٹرڈاؤن ہڑتال کا اعلان بھی کیا ہے۔
ملک کے دوسری طرف حیدرآباد میں مکمل شٹرڈاؤن ہڑتال جاری ہے جس کی کال حیدرآباد چیمبر آف کامرس نے دی تھی۔
یاد رہے کہ پاکستان کو شدید اقتصادی بحرانی صورتحال کا سامنا ہے اور آئی ایم ایف سے قرضوں کے حصول کےلئے حکومت کو آئی ایم ایف کی شرائط قبول کرنی پڑی ہیں جن سے ملک میں مہنگائی کی سونامی آگئی ہے اور عوام کے ساتھ ساتھ تجارتی حلقوں کی طرف سے احتجاج کا سلسلہ جاری ہے اور وہ اپنا سرمایہ دوسرے ممالک لے کر جا رہے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ ایران کی جانب سے پاکستان کے لئے سستی بجلی، گیس اور تیل کی فراہمی کا اعلان کیا گیا تھا اور اس حوالے سے پاکستانی سرحد تک گیس پائپ لائن کا منصوبہ بھی ایران کی طرف سے مکمل کیا جا چکا ہے لیکن پاکستان، امریکی پابندیوں کا بہانہ بنا کر اس منصوبے پر عمل درآمد سے گریزاں ہے۔

ٹیگس