Aug ۳۰, ۲۰۲۳ ۱۱:۱۴ Asia/Tehran
  • پاکستان سے ہندوستان میں ڈرون کے ذریعے منشیات اسمگلنگ کا انکشاف

اینٹی نارکوٹکس فورس نے ڈرون کے ذریعے بھاری مقدار میں منشیات اسمگل کرنے کی ایک اور کوشش ناکام بنادی۔

سحرنیوز/پاکستان: پاکستانی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق لاہور کے ڈی آئی جی انویسٹیگیشن عمران کشور نے لاہور پولیس کے ایک ڈی ایس پی کے پاکستان سے ہندوستان منشیات اسمگلنگ میں ملوث ہونے کی رپورٹوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈی ایس پی کے خلاف اینٹی نارکوٹکس فورس کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
ڈی آئی جی کے مطابق اس معاملے کی تحقیق کےلئے اعلی سطحی پولیس کمیٹی بنا دی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق سرکاری اہلکاروں کی جانب سے منشیات اسمگلنگ کا یہ واقعہ اس وقت سامنے آیا تھا جب جولائی میں لاہور کے نواح میں ایک ڈرون گرگیا تھا جس میں چھ کلوگرام منشیات لدی ہوئی تھی اور یہ معاملہ وزیراعظم پاکستان کے پاس بھیجا گیا تھا۔
رپورٹ کے مطابق اسمگلر، سرکاری اہلکاروں کے ساتھ ملی بھگت سے ہندوستان میں موجود اسمگلروں کے ساتھ کسی خاص ذریعے سے رابطہ کرکے انہیں ڈرون کے ذریعے مال پہنچنے کی اطلاع دیتے اور ہندوستان کے صوبہ پنجاب میں خاص مقامات پر منشیات گرانے کے بعد یہ ڈرون واپس پاکستان آ جاتے تھے جب کہ منشیات کی رقم کی ادائیگی متحدہ عرب امارات میں کی جاتی تھی۔
اسی طرح کا ایک واقعہ نارووال میں بھی ہوا تھا اور پولیس نے چند افراد کو گرفتار کیا تھا جو ڈرون طیاروں کے ذریعے ہیروئن ہندوستان اسمگل کر رہے تھے۔

ٹیگس