پاکستان، وفاقی وزیر برائے ترقی و منصوبہ بندی اور ایرانی سفیر کی ملاقات
پاکستان کے نگراں وفاقی وزیر برائے ترقی و منصوبہ بندی اور اسلام آباد میں متعین اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر نے توانائی کے شعبے میں مشترکہ تعاون کے مواقع، مشرق مغرب کوریڈور اور دوطرفہ تجارت کو آسان بنانے کے لیے خصوصی میکینزم پر عملدرآمد کا جائزہ لیا۔
سحر نیوز/ پاکستان: پاکستان کے نگراں وفاقی وزیر برائے ترقی و منصوبہ بندی سمیع سعید اور اسلام باد میں متعین ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے ایران اور پاکستان کے دو طرفہ تعلقات اور اسلام آباد کی خارجہ پالیسی میں تہران کے خصوصی مقام کی اہمیت پر تاکید کی۔
پاکستان کے وفاقی وزیر برائے ترقی و منصوبہ بندی اور اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر کے درمیان ہونے والی ملاقات کے موقع پر پاکستان کے اقتصادی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے شعبے کے حکام بھی موجود تھے۔ اس ملاقات میں فریقین نے باہمی تجارت، پاکستان اور چین کے مشترکہ اقتصادی راہداری منصوبے، توانائي اور اقتصادی شعبے سمیت باہمی تعاون کے مختلف راستوں کا جائزہ لیا۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر نے تمام تجارتی اور اقتصادی شعبوں خصوصا ای سی او تنظیم کے دائرہ کار میں باہمی تعاون، مشرق سے مغرب تک راہداری، دونوں ممالک کی بندرگاہوں پر دوطرفہ اور چند طرفہ تعاون اور تہران اسلام آباد تعلقات میں توسیع کی اہمیت پر تاکید کی اور دونوں ممالک کی سرحدوں پر باہمی تعاون بڑھانے کا مطالبہ کیا۔
پاکستان کے وفاقی وزیر سمیع سعید نے بھی اسلام آباد میں ایران کے سفارت خانے کے تعاون کو سراہتے ہوئے دو طرفہ باہمی تعاون کے مواقع تلاش کرنے پر اپنی آمادگی کا اظہار کیا۔