Sep ۰۸, ۲۰۲۳ ۱۱:۰۰ Asia/Tehran
  • پاکستان اور افغانستان کے درمیان طورخم سرحد دوسرے روز بھی بند

پاکستان افغانستان طورخم سرحد پر، سرحدی فورسز کے درمیان فائرنگ کے تبادلے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان اہم گزر گاہ آج دوسرے روز بھی بند ہے۔

سحرنیوز/پاکستان: پاکستانی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق پاکستان اور افغانستان کے درمیان طورخم سرحد دوسرے روز بھی بند ہے۔ طورخم کے سرحدی محافظوں کے درمیان بدھ کے دن جھڑپ ہوگئی تھی جس کے بعد سیکورٹی فورسز نے مچنی چیک پوائنٹ سے آگے جانے کا راستہ بند کر دیا ہے اور بدھ کے دن ہی وہاں سے تمام دفاتر اور رہائشی کواٹر خالی کرا لئے گئے ہیں اور تمام ٹرانسپورٹر حضرات کو سرحد کی جانب نقل و حرکت سے منع کر دیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اسلام آباد اور کابل کے حکام کے درمیان اعلی سطح پر مذاکرات کا عمل جاری ہے۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان سے افغانستان بھیجی جانے والی اشیاء خصوصا فروٹ اور سبزیوں کو بھی واپس لنڈی کوتل اور پشاور بھیج دیا گیا ہے اور انہیں غیر یقینی صورتحال کے پیش نظر طورخم جانے سے منع کیا گیا ہے۔
پاکستان اور افغانستان کے مشترکہ چیمبر آف کامرس اور انڈسٹری کے ڈائریکٹر ضیاءالحق سرحدی نے کہا ہے کہ فروٹ، سبزی اور دوسری اشیاء سے لدے سینکڑوں ٹرک سرحد بندش کی وجہ سے پھنس گئے ہیں اور تاجروں کو بہت بھاری نقصان ہو رہا ہے۔

ٹیگس