Sep ۰۸, ۲۰۲۳ ۱۹:۲۴ Asia/Tehran
  • فائل فوٹو
    فائل فوٹو

پاکستان کی وزارات خارجہ کی ترجمان نے کہا ہے کہ پاکستان کو افغانستان میں دستیاب جدید ہتھیاروں پر تشویش ہے۔

سحر نیوز/ پاکستان: اسلام آباد سے موصولہ رپورٹ کے مطابق پاکستان کی وزارت خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے ہفتہ وار پریس بریفنگ میں کہا کہ افغانستان سے یہ جدید ہتھیار دہشت گردوں کے ہاتھ لگ گئے ہیں۔

اُنہوں نے کہا ان ہتھیاروں سے پاکستان اور اس کے سیکورٹی اداروں پر حملے کئے جارہے ہیں۔ اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ ہمارا اس بات پر یقین ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان سرحد امن کی سرحد ہونی چاہیئے۔

ترجمان وزارت خارجہ نے بتایا کہ چترال کی صورت حال پر افغان حکام سے اپنی تشویش کا اظہارکیا ہے اور اس سلسلے میں عبوری افغان حکومت سے مذاکرات بھی کر رہے ہیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ اگر پاکستان کی طرف سے سرحد بند کی گئی ہے تو اس کی وجہ سیکورٹی کی سنگین صورت حال ہے۔

ممتاز زہرا بلوچ نے روس کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور روس کے درمیان اہم تعلقات ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان متعدد وفود کا تبادلہ بھی ہوا ہے۔ اُنہوں نے پاک ہند تعلقات کے بارے میں کہا کہ ہندوستانی قیادت پاکستان کے بارے میں تبصروں کے بجائے اپنے چیلنجوں پر توجہ دے۔

 

ٹیگس