پاکستان میں عید میلادالنبیۖ اور ہفتہ وحدت کا جشن (ویڈیو)
عید میلادالنبی (ص) کے موقع پر پاکستان کے ہر کونے میں فضا معطر ہے اور سب اپنے اپنے انداز میں خاتم النیین، رحمۃ اللعالمین، وجۂ تخلیقِ دو جہاں، پیغمبرِ اسلام حضرت محمد صلی اللّٰہ علیہ و آلہ وسلم سے عقیدت و محبت کا اظہار کر رہے ہیں۔
سحرنیوز/پاکستان: پاکستان میں عید میلادالنبیۖ اور ہفتہ وحدت کا جشن انتہائی عقیدت و احترام اور مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔
عید میلاد النبی (ص) کی مناسبت سے ملک بھر میں چراغاں اور عمارتوں کو برقی قمقموں سے سجا دیا گیا ہے جبکہ ہر سو درود و سلام و میلاد کی محافل کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔
جمعہ کو عید میلادالنبیۖ کے موقع پر جشن صبح بہاراں کا آغاز بارگاہ رسالت میں ہدیہ درود و سلام، اجتماعی دعاؤں سے ہوا۔ جشن ولادت مصطفی صبح بہاراں کی مناسبت سے محافل نعت، میلاد شریف، قصیدہ بردہ شریف، ختم درود پاک کی محافل منعقد ہو رہی ہیں۔
ولادت النبیۖ کے حوالے سے آج ملک بھر میں جلوس و ریلیاں نکالی جا رہی ہیں۔ اس موقع پر اتحاد و وحدت کا عظیم الشان مظاہرہ کیا جا رہا ہے۔ شیعہ اور سنی مسلمان جشن میلادالنبیۖ مل کر جوش و خروش سے منا رہے ہیں اور ہفتہ وحدت کے سلسلے میں سیمینار اور دوسری تقریبات بھی منعقد ہو رہی ہیں۔
پاکستان کے صدر ڈاکٹر عارف علوی نے عید میلادالنبیۖ کے موقع پر جاری پیغام میں میلاد النبی ﷺ کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ حضرت محمدرسول اللہ خاتم النبین (ص) کی ولادت ِباسعادت تمام جہانوں کیلئے ایک عظیم اور مبارک ترین نعمت ہے، آپ (ص) کی بدولت انسانیت اللہ تعالیٰ کی جانب سے ہدایت کے انعام اور رحمت سے سرفراز ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ حضرت محمد (ص) کو تمام جہانوں کیلئے رحمت بنا کر بھیجا گیا، آپؐ کی زندگی اللہ تعالیٰ کی اطاعت، عدل و انصاف اور انسانوں کی جانب شفت ومحبت کی مجسم تصویر ہے، آپؐ کی تعلیمات ہمہ گیر اور آفاقی ہیں اور انسانیت کیلئے رہنمائی کا ایک لازوال ذریعہ ہیں، آپؐ کی تعلیمات دور ِحاضر سمیت رہتی دنیا تک درپیش بے شمار چیلنجز کا حل پیش کرتی ہیں۔
آج کے دن کی تقریبات کو بھرپور سکیورٹی فراہم کی جا رہی ہے، سینٹرل پولیس آفس اور حساس اضلاع کی مانیٹرنگ کےلیے کنٹرول رومز فعال ہیں۔