عمران خان کی سائفر کیس میں درخواست ضمانت مسترد، عمران خان کا چیف جسٹس پرعدم اعتماد
ہائی کورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کی سائفر کیس میں درخواست ضمانت مسترد کردی ۔
سحر نیوز/ پاکستان: چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عامر فاروق نے عمران خان کی درخواست ضمانت پر محفوظ فیصلہ سنا دیا، جس کے مطابق عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی اور سابق وزیراعظم عمران خان کی سائفر کیس میں درخواست ضمانت مسترد کردی۔
علاوہ ازیں عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کی اخراج مقدمہ کی درخواست بھی خارج کردی۔
دوران سماعت دلائل کے دوران ایف آئی اے کے اسپیشل پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ یہ ایسا کیس ہے جس میں جرم کا ارتکاب کر کے اسے ملزم کی جانب سے تسلیم بھی کیا گیا ہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے سائفر کی معلومات پبلک تک پہنچائیں جس کے وہ مجاز نہ تھے۔ یہ سائفر ایک سیکرٹ ڈاکومنٹ تھا جس کی معلومات پبلک نہیں کی جا سکتی تھیں۔
دوسری جانب چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل سلمان صفدر نے کہا ہے کہ عمران خان نے چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ پر عدم اعتماد کردیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی ضمانت مسترد ہونا کوئی اچنبھے کی بات نہیں۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ پر عدم اعتماد کر دیا ہے۔ ہماری دونوں درخواستیں مسترد ہو گئیں۔ آئندہ کوئی درخواست چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کو نہیں سننے دیں گے۔