Oct ۲۹, ۲۰۲۳ ۱۷:۴۹ Asia/Tehran
  •  امریکی سفارتخانے کے سامنے اسرائیل مخالف احتجاج کریں گے: علامہ راجہ ناصر عباس

فلسطینی مجاہدین کی بے مثال استقامت اور جدوجہد آزادی کو خراج تحسین پیش کرنے اور فلسطینی مظلومین سے اظہار یکجہتی کے لئے اسلام آباد میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے زیراہتمام آزادی فلسطین کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، کانفرنس میں تمام شعبہ ہائے زندگی کے خواتین وحضرات کی کثیر تعداد کی شرکت کی۔

سحر نیوز/ پاکستان: آزادی فلسطین کانفرنس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین  کے سربراہ علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے کہا کہ اسرائیل کا کوئی مستقبل نہیں، مستقبل فلسطین کا ہے، مظاہرے کرنا سب کا آئینی حق ہے۔

چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا کہ 12 نومبر کو امریکن سفارتخانے کے سامنے اسرائیل کیخلاف احتجاج کریں گے۔

علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا کہ امام خمینی رح نے کہا تھا کہ اسرائیل کینسر کا ٹیومر ہے، انہوں نے فرمایا تھا کہ اسرائیل مستقبل میں نہیں ہو گا، فلسطین کا مستقبل ہے، اسرائیل جلد مٹ جائے گا کیونکہ جس کی بنیاد میں ظلم ہو اس کا مٹنا لازم ہے۔

علامہ ناصر عباس نے کہا کہ اطلاعات ملی ہیں کہ جماعت اسلامی کے دوستوں کو احتجاج نہیں کرنے دیا گیا، ان کا سٹیج اکھاڑ دیا گیا، یہ شرمناک ہے، ہر جگہ فلسطین کے لئے احتجاج کیا جانا چاہئے، ساری دنیا میں امریکا کے سفارتخانوں کے سامنے مظاہرے ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 12 نومبر کو امریکن سفارتخانہ کے سامنے جائیں گے، بارہ نومبر کو بھرپور احتجاج ہو گا، فلسطین کے مظلوم ثابت قدم ہیں، ہم ان کے ساتھ ہیں۔

علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ گریٹر اسرائیل کا منصوبہ ناکام ہوا تو ڈیل آف سینچری لے آئے، لیکن یہ سب مکروہ منصوبے کامیاب نہ ہو سکے۔ چاہے جتنے بھی مغربی سربراہان مملکت اس غاصب کی حوصلہ افزائی کریں، فلسطینی مجاہدین اسرائیل میں چالیس کلومیٹر اندر تک گھس کر مار رہے ہیں۔

مہمان خصوصی سفیر اسلامی جمہوریہ ایران رضا امیری مقدم نے کہا کہ فلسطینیوں کے ہاتھوں میں اس وقت پرچم اسلام ہے، معرکہ طوفان الاقصیٰ نے مظلومین جہاں کے لیے امید پیدا کر دی ہے، یہ جنگ اسلام اور کفر کی جنگ ہے، یہودی اب اسلام کے دشمن نہیں بلکہ صدر اسلام سے دشمن اسلام ہیں۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اہل حدیث رہنما سید ضیاء اللہ شاہ بخاری نے کہا کہ آج ہم سب فلسطینی مظلومین کے ساتھ کھڑے ہیں، آج دنیا کا ہر انصاف پسند فلسطینیوں کے ساتھ ہیں، حتیٰ یہودی بھی صہیونی ریاست کے خلاف بول اٹھے ہیں، حزب اللہ اور حماس نے فرقوں سے بالاتر ہو کر اسرائیل کے منہ پر آہنی مکا مارا ہے جس سے اسرائیلی ریاست لڑکھڑا گئی ہے۔

کانفرنس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی جنرل سیکرٹری سید ناصر عباس شیرازی نے کہا کہ حماس اور حزب اللہ نے مل کر اسرائیل کی گردن توڑ دی ہے، یہاں موجود تمام شرکاء نے فلسطینی عوام کے ساتھ اپنے قلبی جذبات کا اظہار کیا ہے، اسرائیلی ہیبت کو اللہ کے شیروں نے ملیا میٹ کر دیا ہے۔ جماعت اہل حرم پاکستان کے سربراہ مفتی گلزار نعیمی نے کہا کہ جو آج فلسطینی اہل حق کے ساتھ کھڑا ہو گا وہی حق کی طرف ہو گا اور جو ان سے ہٹے گا وہ راہ باطل پر ہو گا، ہمارے حکمرانوں کا کوئی نقطہ نظر نہیں ہے، یہ یہود ونصاریٰ کے ساتھ کھڑے ہو کر مظلوم فلسطینیوں کا مذاق اڑا رہے ہیں۔

سابق صدر نیشنل پریس کلب افضل بٹ نے کہا کہ فلسطین میں آزادانہ رپورٹنگ کی اجازت نہیں ہے، انسانی حقوق اور آزادی اظہار کی بات کرنے والے عالمی اداروں نے اسرائیلی مظالم پر چپ سادھ رکھی ہے ۔

ٹیگس