ریٹائرڈ جسٹس ارشد حسین خیبر پختونخوا کے نئےنگراں وزیراعلیٰ ، تقرری کے خلاف پی ٹی آئی کا عدالت جانے کا اعلان
پی ٹی آئی نے سابق وزیراعلی محمود خان اور اکرم درانی کی جانب سے نگراں وزیراعلی کے انتخاب کی صورت میں عدالت جانے کا اعلان کر دیا۔
سحر نیوز/ پاکستان: پاکستان کے صوبے خیبر پختونخوا کے سابق وزیراعلیٰ محمودخان اور اپوزیشن لیڈر اکرم خان درانی کے درمیان صوبے کے نئے نگران وزیراعلیٰ کے تقرر کے لیے وزیراعلی آفس میں مشاورت ہوئی، جس میں مختلف ناموں پر غور کیا گیا۔
اتفاق رائے کے نتیجے میں نگران وزیر اعلی کی سمری گورنر کو بھیجی گئی۔ گورنر خیبرپختونخواحاجی غلام علی نے سمری پردستخط کردیئے۔ ان کا حلف آج منعقد ہونے کاامکان ہے۔
جسٹس(ر) ارشد حسین تحلیل شدہ کابینہ میں وزیرقانون تھے۔ نئی نگران کابینہ اعظم خان دور کے ارکان پر ہی مشتمل ہوگی۔ سید ارشدحسین شاہ کی کابینہ میں پرانے وزراء کے علاوہ مشیر اور معاون خصوصی بھی وہی ہوں گے۔
پی ٹی آئی نے سابق وزیراعلی محمود خان اور اکرم درانی کی جانب سے نگراں وزیراعلی کے انتخاب کی صورت میں عدالت جانے کا اعلان کر دیا۔
نائب صدر پی ٹی آئی خیبر پختونخوا ظاہر شاہ طورو نے گفتگو میں کہا کہ محمود خان اور اکرم درانی کا منتخب کردہ نگراں وزیراعلیٰ کسی صورت قبول نہیں ہوگا، انہوں نے نگراں وزیراعلی کا انتخاب کیا تو اس کے خلاف عدالت جائیں گے۔
ظاہر شاہ طورو نے کہا کہ گورنر نے کس قانون کے تحت محمود خان اور اکرم درانی کو وزیراعلیٰ کے انتخاب سے متعلق خط لکھا ہے، محمود خان وزیر اعلی ہیں اور نہ ہی اکرم درانی اپوزیشن لیڈر، یہ معاملہ آئین کے تحت حل کیا جائے گورنر اپنے فارمولیں نا بنائیں۔
واضح رہے کہ نگراں وزیر اعلیٰ اعظم خان کل انتقال کر گئے تھے اور ان کے انتقال کے ساتھ ہی نگراں کابینہ بھی تحلیل ہوگئی ۔