شاہ محمود قریشی کی طرف سے ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست داخل
پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے سائفرکیس میں ضمانت بعد ازگرفتاری کی درخواست سپریم کورٹ میں داخل کردی ہے۔
سحر نیوز/ پاکستان: پاکستان تحریک انصاف، پی ٹی آئی، کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے سپریم کورٹ میں اپنی درخواست ضمانت میں وفاقی حکومت اور وزارت داخلہ کو فریق بنایا ہے۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گيا ہے کہ درخواست گزار کے خلاف بے بنیاد اور سیاسی مقدمہ بنایا گيا ہے۔ شاہ محمود قریشی نے درخواست میں استدعا کی ہے کہ اسلام آباد ہائي کورٹ نے حقائق کا درست جائزہ نہیں لیا ہے لہذا ہائی کورٹ کا آٹھ نومبر کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔
واضح رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے سائفرکیس میں پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کی ضمانت کو مسترد کرنے کا تفصیلی فیصلہ دو روز قبل جاری کردیا ہے۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ، عامر فاروق نے اپنے تفصیلی فیصلے میں کہا ہے کہ "جرم پر اکسانے اورپس جرم کی سازش یا معاونت کرنے والے کو مرکزی مجرم کی ہی طرح دیکھا جائے گا۔"