Dec ۰۶, ۲۰۲۳ ۱۸:۳۴ Asia/Tehran
  • کراچی: عرشی سینٹر میں دکانوں میں لگنے والی آگ نے فلیٹوں کو بھی لپیٹ میں لے لیا

کراچی میں فرنیچر مارکیٹ کی دکان میں لگنے والی آگ نے بقیہ دکانوں اور رہائشی فلیٹس کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے جس سے کئی دکانیں خاکستر ہو گئیں اور بھاری مالی نقصان ہوا ہے۔

سحر نیوز/ پاکستان:  پاکستان کے صنعتی شہر کراچی کے ضلع وسطی کے علاقے میں واقع کثیرالمنزلہ عرشی سینٹر کے گراؤنڈ فلور پر واقع فرنیچر کی دکانوں میں  آگ لگ گئی جس نے میزنائن فلور پر فوم کے گدوں کے اسٹاک کو بھی لپیٹ میں لے لیا ہے۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی معلومات کے مطابق آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی ۔ آگ لگنے سے متعدد گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کو بھی نقصان  پہنچا ہے، جبکہ کچھ رہائشی فلیٹ بھی متاثر ہوئے ہیں۔

پاک بحریہ  کے ترجمان کے مطابق بحریہ کے فائر  ٹینڈر اور عملہ  بھی  جائے حادثہ پر آگ پر قابو پانے میں بھرپور معاونت کررہا  ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ پاک بحریہ آگ پر قابو پانے میں ہر ممکن مدد فراہم کرے گی۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ آگ سے متاثرہ رہائشی عمارت سے لوگوں کونکال لیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق آتش زدگی کے نتیجے میں کروڑوں کا سامان جل کر خاکستر  ہوچکا ہے۔

ٹیگس