Dec ۲۳, ۲۰۲۳ ۱۵:۴۶ Asia/Tehran
  • بلے کا نشان واپس لینے کیلئے پی ٹی آئی ایڑی چوٹی کا زور لگا رہی ہے

پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر خان نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کا فیصلہ عدالت میں چیلنج کریں گے۔

سحر نیوز/ پاکستان: اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ بلے کا نشان واپس لینے کے لیے عدالت سے رجوع کریں گے، عدلیہ سے درخواست ہے ہماری پٹیشن جب بھی آئے اسے سنیں امید ہے عدالت انصاف کرے گی، بلا پاکستان کے 70 فیصد عوام کی نشانی ہے، کوئی بھی نشان الاٹ ہو وہ آپ سے کوئی نہیں چھین سکتا۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے آرڈر میں کوئی ذکر نہیں کیا کہ جنہوں نے درخواستیں جمع کرائیں، کیا وہ پی ٹی آئی کا حصہ تھے یا نہیں، الیکشن کمیشن نے ذکر ہی نہیں کیا ہم نے کسی قانون یا ضابطے کی خلاف ورزی کی ہے۔

بیرسٹر گوہر خان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی سے بلے کا نشان چھین لیا گیا، ملک اس وقت افراتفری کا متحمل نہیں ہوسکتا، الیکشن کمیشن کے فیصلے کو مسترد کرتے ہیں، ایسے اقدامات سازش کا حصہ ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ میں 184 کے تحت اپیل دائر کی جاسکتی ہے، انتخابی نشان روکنے پر نشستیں آزاد امیدواروں کو ملیں گی۔

یاد رہے کہ سالوں پرانا انتخابی نشان واپس لینے کیلئے پی ٹی آئی ایڑی چوٹی کا زور لگا رہی ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان میں انتخابی ماحول بننے کے ساتھ ہی الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی الیکشن  کو کالعدم قرار دیتے ہوئے بلے کا نشان واپس لے لیا ہے۔

ٹیگس