Dec ۲۶, ۲۰۲۳ ۱۵:۲۹ Asia/Tehran
  • الیکشن کمیشن کا فیصلہ معطل، بلا پی ٹی آئی کو مل گيا

عدالت نے بلے کا نشان بحال کرتے ہوئے الیکشن کمیشن و دیگر فریقین کو نوٹس جاری کر دیا۔

سحر نیوز/ پاکستان: پشاور ہائی کورٹ نے تحریک انصاف کے خلاف الیکشن کمیشن کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے انتخابی نشان ’’بلا‘‘ بحال کر دیا۔

پشاور ہائی کورٹ نے انٹرا پارٹی انتخابات کالعدم قرار دینے اور پارٹی نشان واپس لینے کے الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف پی ٹی آئی کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے کیس کا فیصلہ ہونے تک الیکشن کمیشن کا فیصلہ معطل کر دیا۔

انٹرا پارٹی انتخابات اور انتخابی نشان واپس لینے سے متعلق درخواست پر پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس کامران حیات میاں خیل نے ریمارکس دیے کہ صاف نظر آرہا ہے کہ ایک سیاسی جماعت کو الیکشن سے باہر کیا جا رہا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے انٹرا پارٹی انتخابات کالعدم قرار دینے اور بلے کا انتخابی نشان واپس لینے کے خلاف پشاور ہائی کورٹ سے رجوع کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کے فیصلے کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کی تھی۔

بیرسٹر گوہر علی نے بانی پی ٹی آئی عمران  خان سے جیل میں ملاقات اور مشاورت کے بعد ہائی کورٹ میں درخواست  دائر کی۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی الیکشن کو کالعدم قرار دیا تھا اور پی ٹی آئی کی پارٹی سرٹیفکیٹ کو بھی آفیشل ویب سائٹ پر اَپ لوڈ نہیں کیا جس کے بعد پی ٹی آئی سے بلے کا نشان بھی واپس لے لیا گیا۔

ٹیگس