Jan ۱۶, ۲۰۲۴ ۱۵:۰۱ Asia/Tehran
  • انتخابی نشان تبدیل نہیں ہو سکتا: الیکشن کمیشن

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے انتخابی نشان کی تبدیلی سے متعلق بیان جاری کر دیا ہے۔

سحر نیوز/ پاکستان: پاکستان کے میڈیا ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ صوبائی الیکشن کمشنر، ڈی آر اوز اور آر اوز انتخابی نشان کی تبدیلی سے اجتناب کریں ۔ الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ اگر انتخابی نشان کی تبدیلی لازم ہو تو پہلے کمیشن سے اجازت لی جائے۔

الیکشن کمیشن کا یہ بھی کہنا ہے کہ بیلٹ پیپرز کی چھپائی شروع ہو چکی ہے، اب انتخابی نشان کی تبدیلی شاید ممکن نہ ہو سکے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر و سینیٹر شیری رحمٰن نے پنجاب میں اپنی پارٹی کے امیدواروں کے انتخابی نشان تیر میں رد و بدل پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔

سینیٹر شیری رحمٰن نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ پیپلز پارٹی کے امیدواروں کو آزاد امیدواروں کی فہرست میں شامل کئے جانے پر تشویش ہے، ہم پیپلز پارٹی کے امیدواروں کے انتخابی نشان کی درستگی کا مطالبہ کرتے ہیں۔

ٹیگس