اسلام آباد کے ریڈ زون میں عوامی اجتماع پر مکمل پابندی عائد
اسلام آباد کے ریڈ زون، کشمیر ہائی وے اور جناح ایوینیو پر جلسے، جلوس اور ریلیوں پر دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔
سحر نیوز/ پاکستان: پاکستانی میڈیا کے مطابق اسلام آباد میں عام انتخابات 2024 میں امن و امان کی صورتحال بر قرار رکھنے کے لیے انتظامیہ نے دفعہ 144 نافذ کردی ہے۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر عبد اللہ محمود نے دفعہ 144 کے نوٹفکیشنز بھی جاری کر دیے ہیں، نوٹیفیکشن میں بتایا گیا کہ اسلام آباد میں آتش بازی کے سامان کی خرید و فروخت، اس کو جمع کرنے اور اسلحے کی نمائش پر پابندی عائد ہوگی، بارودی مواد کے استعمال سے اسٹون کرشنگ پر بھی دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔
اس کے علاوہ ریڈ زون کشمیر ہائی وے جناح ایوینیو پر جلسے، جلوس اور ریلیوں پر بھی دفعہ 144 نافذ کر دی گئی، اسپیکر اور ساؤنڈ سسٹم کے بے جا استعمال، فرقہ واریت اور تقاریر پر بھی پابندی عائد ہوگی۔
نوٹیفکشن کے مطابق رف پیپرز، پوسٹر ، بینرز پر قرآنی آیات، مقدس کلمات کی چھپائی، وال چاکنگ پمفلٹ کی تقسیم پر بھی دفعہ 144 نافذ العمل ہوگی۔
نوٹیفیکشن میں کہا گیا ہے کہ ریڈ زون میں کسی بھی قسم کے عوامی اجتماع پر مکمل پابندی عائد کردی گئی ہے، تھرڈ ایوینیو یونیورسٹی روڈ ، عطا ترک ایوینیو، جناح ایوینیو پر 5 سے زائد افراد جمع نہیں ہوسکیں گے۔